ممبئی(ویب ڈیسک) اپنی شاندار اداکاری سے مداحوں کے دلوں میں گھر کرنے والے بالی وڈ اداکار نوازالدین صدیقی کو امریکی فلم میں مرکزی کردار مل گیا ۔ بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق نواز الدین صدیقی رابرٹو جیرالٹ کی ہدایتکاری میں بننے والی فلم لکشمن لوپیز میں مرکزی کردار ادا کریں گے۔ رپورٹس کے مطابق کرسمس تھیم پر
مبنی فلم لکشمن لوپیز رواں سال کے آخر میں ریلیز کی جائے گی۔ بھارتی میڈیا کے مطابق فلم میں کام کرنے کیلئے فوراً ہاں کہنے پر نوازالدین سے جب سوال کیا گیا تو ان کا کہنا تھا کہ فلم کی تھیم نے مجھے بہت متاثر کیا اور یہی وجہ تھی کہ میں نے فلم میں کام کرنے کیلئے بغیر کسی انتظار کے حامی بھر لی جبکہ رابرٹو جیرالٹ ایک بہترین ہدایتکار ہیں ان کے ساتھ کام کرنے میں مزہ آئے گا۔ رپورٹس کے مطابق دوسری جانب رابرٹو جیرالٹ کا کہنا ہے کہ جب میں نے پہلی بار اسکرپٹ پڑھا تو میں لکشمن لوپیز کے کردار کیلئے ادکار کی تلاش شروع کی اور میرا ذہن فوراً نوازالدین کی طرف گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ میں نے نوازالدین کا کام دیکھا ہے مجھے امید ہے وہ اس فلم میں بھی اپنی اداکاری سے لوگوں کو متاثر کریں گے۔دوسری خبر کے مطابق بالی وڈ اداکارہ شلپا شیٹی کے شوہر راج کندرا کے خلاف بھارتی انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) نے فحش فلموں کی تیاری اور فروخت کے حوالے سے منی لانڈرنگ کا کیس رجسٹر کرلیا ہے۔ بھارتی میڈیا کی رپورٹس میں انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ ذرائع کے حوالے سے دعویٰ کیا گیا کہ راج کندرا نے ایک کمپنی آرمز پرائم میڈیا لمیٹڈ فروری 2019 میں قائم کی تھی اور اس کے تحت ایک ایپ ‘ ہاٹ شاٹس’ تیار کی ۔ اس ایپ کو بعد میں ایک برطانوی کمپنی کینرین کو فروخت کردیا گیا اور یہ کمپنی درحقیقت راج کندرا کے برادر نسبتی کی تھی۔ ذرائع نے بتایا کہ راج کندرا کی کمپنی ویان انڈسٹریز کا تعلق کینرین سے تھا اور ویان کے 13 بینک اکاؤنٹس سے کروڑوں روپوں کی ٹرانزیکشن کی گئی۔ ذرائع کا کہنا تھا کہ ہاٹ شاٹس ایپ بنیادی طور پر فحش فلموں کا پلیٹ فارم تھی ، ان فلموں کو بھارت میں تیار کرکے ایپ میں اپ لوڈ کرکے سبسکرائپشن کی پیشکش کی جاتی۔