کراچی(ویب ڈیسک) معروف ڈرامہ نگار خلیل الرحمٰن کی پاکستان کے سابق وزیرِاعظم عمران خان سے ملاقات پر تبصرہ کرنے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔ سوشل میڈیا پر پاکستان کے معروف ڈرامہ نگار خلیل الرحمٰن قمر کے ٹی وی انٹریو کا ایک کلپ سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہا ہے جس میں خلیل الرحمٰن عمران خان
کی تعریفوں کے پل باندھتے ہوئے نظر آرہے ہیں۔ ویڈیومیں دیکھا جا سکتا ہے کہ میزبان نے ان سے پی ٹی آئی کے چئیر مین اور سابق وزیراعظم عمران خان سے ہونے والی ملاقات کے حوالے سے پوچھا۔ خلیل الرحمٰن قمر نے مسکراتے ہوئے کہاکہ ’میں اس ملاقات کی تفصیلات شیئر نہیں کر سکتا۔ میں صرف اتنا کہوں گا کہ میں نے اپنی زندگی میں کبھی شیر نہیں دیکھا لیکن جب میں عمران خان سے ملا تو پہلی بار شیر دیکھا‘۔ان کا مزید کہنا تھا کہ ’جو لوگ سمجھ رہے ہیں کہ عمران خان چلا گیا ہے یہ ان کی غلط فہمی ہے وہ ان کا واپس آنے کا دوسرا طریقہ ہے ، مجھے امید ہے کہ عمران خان اس بار اور بھی مضبوط ہوکر واپس آئیں گے‘۔خلیل الرحمن نے شہباز شریف پر طنز کرتے ہوئے کہا کہ ’یہ بھکاری وں کا دیس نہیں ہے اسے بھکاری بنایا گیا ہے، ڈرامہ نگار کا مزید کہنا تھا کہ 35 سال انہوں نے اپنا مال بنانے اور ہمیں بھکاری بنانے میں صرف کیا ہے‘۔واضح رہے کہ ’میرے پاس تم ہو‘ جیسےکامیاب ترین ڈرامے کے معروف ڈرامہ نگار خلیل الرحمٰن قمر نے چند دن قبل سابق وزیراعظم پاکستان عمران خان سے ان کی رہائش گاہ پر فلم اسٹار شان کے ہمراہ ملاقات کی تھی۔دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین و سابق وزیراعظم عمران نے مسلم لیگ (ن) کی مرکزی نائب صدر مریم نواز کی جانب سے تقریر پر نامناسب تبصرہ کیا ہے۔ ملتان میں جلسہ عام سے خطاب میں عمران خان کا کہنا تھاکہ ’مجھے کسی نے سوشل میڈیا پر تقریر بھیجی، مریم تقریر کر رہی تھی کل، اس میں اتنی دفعہ اور اس جذبے سے اور اس جنون سے میرا نام لیا کہ میں اس کو کہنا چاہتا ہوں کہ مریم دیکھو تھوڑا دھیان کرو تمہارا خاوند ہی ناراض نہ ہوجائے جس طرح تم بار بار میرا نام لیتی ہو‘۔ان کا مزید کہنا تھاکہ ویسے میں ہمیشہ سوچتا ہوں کہ ان کو اتنا زیادہ مجھ پر غصہ ہے کیوں؟ میں نے ان کا کیا بگاڑا ہے؟ ان کے کیسز تو پرانے بنے ہوئے ہیں، مقصود چپڑاسی کے علاوہ سارے کیسز پرانے ہیں۔ دوسری جانب عمران خان کے مریم نواز سے متعلق بیان پر سوشل میڈیا پر تنقید شروع ہوگئی ہے۔