اسلام آباد(ویب ڈیسک) عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشیدکا کہنا ہےکہ اگلے مہینے جب لوگ نکلیں گے تو وہ کسی کے کہنے پر بھی واپس نہیں جائیں گے۔ شیخ رشید کا کہنا تھا کہ ایک ووٹ کی اکثریت، بیساکھیوں کا سہارا اور آئی ایم ایف کی خیرات ،کیسے چلےگی یہ حکومت ؟ حکومت پر تنقید کرتے ہوئے شیخ رشیدکا کہنا تھا کہ
یہ اپنے کیس ختم کروائیں گے اورگھر چلے جائیں گے ۔ سربراہ عوامی مسلم لیگ کا کہنا تھا کہ موجودہ صورت حال میں کوئی سیاسی حل نہ نکلا تو کوئی اور حل نکلےگا، یہ حکومت آئینی مدت پوری نہیں کرےگی۔دوسری طرف چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کا کہنا ہے کہ بیرونی سازش کے ذریعے امپورٹڈ حکومت کو ہم پر مسلط کیے جانے کے بعد پاکستان ہمیشہ کے لیے بدل گیا ہے۔ سوشل میڈیا پر جاری بیان میں عمران خان نے لکھا کہ لانگ مارچ کے دوران کنٹینر پر 26 مئی کی رات ایک بجے سے صبح 8 بجے تک 7 گھنٹوں کے دوران جو دیکھا وہ میں پہلے ہی محسوس کر چکا تھا۔ عمران خان نے ٹوئٹر پر مزید لکھا کہ جب سے بیرونی سازش کے ذریعے ہم پر امپورٹڈ حکومت مسلط کی گئی ہے اس وقت سے پاکستان ہمیشہ کے لیے بدل گیا ہے۔ چیئرمین تحریک انصاف نے مزید کہا کہ بالآخر ذہنی غلامی کا طوق ہمیشہ کے لیے ٹوٹ گیا ہے۔ یاد رہے کہ سابق متحدہ اپوزیشن نے اس وقت کے وزیراعظم عمران خان کے خلاف 8 مارچ کو قومی اسمبلی میں تحریک عدم اعتماد جمع کروائی تھی لیکن اس پر آئین میں درج مقررہ مدت پر ووٹنگ نہ ہو سکی جس کے خلاف سپریم کورٹ میں پٹیشن دائر کی گئی۔ سپریم کورٹ نے تحریک عدم اعتماد پیش ہونے کے بعد قومی اسمبلی کو تحلیل کرنے کی وزیراعظم کی تجویز کو مسترد کرتے ہوئے 9 اپریل کو ہر صورت تحریک عدم اعتماد پر ووٹنگ کرانے کا حکم دیا تاہم ڈپٹی اسپیکر قاسم سوری نے 9 اپریل کی رات 12 بجے سے کچھ منٹ پہلے ہی استعفیٰ دے دیا جس کے بعد پینل آف چیئر ایاز صادق نے اسمبلی اجلاس کی صدارت کی اور پھر 10 اپریل کو 174 تحریک عدم اعتماد کے حق میں 174 اراکین نے ووٹ دیکر عمران خان کو وزات عظمیٰ کے منصب سے ہٹایا۔