لاہور: (ویب ڈیسک) چودھری پرویزالٰہی نے کہا ہے کہ جلسہ کرنا پی ٹی آئی کا بنیادی حق ہے، عمران خان کی عوام میں مقبولیت دیکھ کر بچہ حکمران گھبرا گیا۔ چودھری پرویز الہی کا اپنے بیان میں کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کا جلسہ انشاء اللہ ہونا ہے، لازمی ہونا ہے، جلسہ کرنا پی ٹی آئی کا بنیادی حق ہے، بغیر خرچے کے جلسے کی تشہیر پر عثمان ڈار کی طرف سے حمزہ شہباز کو شکریہ ادا کرنا چاہیے، جلسے کی تشہیر اور جوش پیدا کرنے کا مشکل کام جو اکیلا عثمان ڈار کر رہا تھا وہ ن لیگ اور حمزہ شہباز نے لے لیا ہے۔ پرویز الٰہی نے کہا کہ ایک چیز کھل کر سامنے آئی ہے کہ بچہ حکمران گھبرا گیا ہے، جمہوریت کی خدمت کا جو یہ دعویٰ کرتے ہیں اس کو پورا نہیں کرتے۔ ادھر پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما فواد چودھری نےکہا ہے کہ جلسے روکنا، گرفتاریاں کرنا بھونڈی باتیں ہے، عام انتخابات کی طرف بڑھنا چاہیے، انہوں نے سیالکوٹ کا جلسہ روکا آج ہر شہر میں جلسے ہوں گے، جلسوں کو نہیں روکا جاسکتا۔ عمران خان کی حکومت میں پاکستان استحکام کی طرف جارہا تھا، امریکا کے حکم پرسازش کے ذریعے رجیم چینج کر دی گئی، بڑے ڈاکومسلط کیے گئے یہ پاکستان کو سری لنکا بنا کر چھوڑیں گے۔اس وقت ملک کے حالات اورلندن کی تصویروں کو دیکھیں، جب روم جل رہا تھا تونیروبانسری بجارہا تھا، لندن کی تصاویروں سے لگتا ہے پاکستان میں کوئی پرابلم نہیں، اس وقت پاکستان میں 2 وزرائے اعظم، 2 وزرائے خزانہ ہیں، سٹیٹ بینک کا گورنر ہی نہیں، پنجاب میں کابینہ نہیں اور جعلی وزیراعلیٰ موجود ہیں، پچھلے 9 دنوں میں ڈالر 15 روپے بڑھ چکا ہے،اسٹاک مارکیٹ 3500 پوائنٹس گرچکی ہے۔
