ویرات کوہلی کا مداح کو ملک چھوڑنے کا مشورہ دینا مہنگا پڑ گیا ،سوشل میڈیا پر ایسا بھونچال مچا کہ لینے کے دینے پڑ گئے

نئی دہلی (ویب ڈیسک)ویرات کوہلی کا مداح کو مشورہ دینا مہنگا پڑگیا ۔بھارتی کرکٹ ٹیم کے کپتان ویرات کوہلی کو مداح کو بھارت چھوڑنے کا مشورہ دینا مہنگا پڑگیا ۔مداحوں کی جانب سے بھارتی کپتان کو سوشل میڈیا پر خوب تنقید کا نشانہ بنایا گیا ۔بھارتی کپتان کوہلی کے بیان پرسوشل میڈیا پر نئی بحث چھڑ گئی ،

کسی نے لکھا،کوہلی انگریزوں کا کھیل کرکٹ چھوڑ کربھارت کا قومی کھیل ہاکی اور کبڈی کھیلنا کیوں نہیں شروع کر دیتے؟۔ایک مداح نے لکھا کہ کوہلی چاہتے ہیں کہ جو بھارتی کرکٹ فینز انہیں پسند نہیں کرتے وہ ملک چھوڑ دیں،ایک ایسے شخص سے اور کیا توقع کی جا سکتی ہے جو مودی کا حامی ہو۔ویرات کوہلی پر تنقید کے نشتر برساتے ہوئے کسی نے کہا ، کہ اٹلی جا کر شادی کیوں کی ،اگر بھارت میں شادی کرتے ہوئے شرم آ رہی تھی تو انہیں بھی بھارت چھوڑ دینا چاہیے۔بھارتی مداحوں نے صرف یہیں پر ہی بس نہیں کیا بلکہ بین الاقوامی برانڈز سے لیکر ان کے اشتہارات تک پر بھی سوالات اٹھادیئے۔واضح رہے انڈین ایکسپریس کی رپورٹ کے مطابق سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ویرات کوہلی نے پہلے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر ایک مداح کا تنقیدی پیغام پڑھا۔کرکٹ مداح نے لکھا کہ ’خواہ مخواہ بڑے بلے باز بنتے ہیں، ذاتی طورپر مجھے ویرات کوہلی کی بلے بازی میں کچھ خاص نظر نہیں آتا لیکن بھارتی بلے بازوں کے مقابلے میں برطانوی اور آسٹریلوی کھلاڑیوں کی بیٹنگ دیکھنے کے قابل ہے‘۔ویرات کوہلی نے کرکٹ مداح کا پیغام اپنی نئی موبائل ایپ کی لانچنگ تقریب میں پڑھا۔تنقیدی پیغام پڑھتے ہی بھارتی کپتان برداشت کھو بیٹھے اور جواب دیا کہ ’اچھا، میرا خیال کہ تمہیں بھارت میں نہیں رہنا چاہیے، تمہیں کسی دوسرے ملک میں جا کر رہنا چاہیے‘۔انہوں نے مزید غصے کا اظہار کیا کہ ’تم ہمارے ملک میں کیوں رہ رہے ہوں اور دوسرے ممالک سے پیار ہے، مجھے کوئی فرق نہیں پڑتا کہ تم مجھے پسند نہیں کرتے لیکن میرا خیال ہے کہ تمہیں یہاں رہتے ہوئے دوسرے ممالک کو پسند نہیں کرنا چاہیے، اس لیے پہلے اپنی ترجیحات درست کرو‘۔30 سالہ ویرات کوہلی کی جانب سے مداح کو ملک چھوڑنے کا مشورہ دینے کی یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی اور انہیں مختلف طبقات سے تعلق رکھنے والوں نے شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔ایک ٹوئٹر صارف نے انہیں یاد دلایا کہ 2008 میں انڈر 19 کرکٹ ورلڈ کپ کے دوران آ پ نے جنوبی افریقا کے ہرشل گبز کو اپنا پسندیدہ کھلاڑی قرار دیا تھا۔