وہ وقت جب عمران خان نے بھارتی کرکٹر سچن ٹنڈولکر کوپاکستانی ٹیم کا حصہ بنادیا

نئی دہلی (ویب ڈیسک)بھارت کے لیجنڈری کرکٹر سچن ٹنڈولکر کی ایک دنیا مداح ہے لیکن یہ بہت ہی کم لوگ جانتے ہیں کہ پہلا انٹرنیشنل میچ انہوں نے بھارت کی طرف سے نہیں بلکہ پاکستان کی طرف سے موجودہ وزیراعظم پاکستان عمرا ن خان کی کپتانی میں کھیلا جس کا اعتراف خود سچن ٹنڈولکر بھی کرتے ہیں۔
اپنے ایک انٹرویو میں سچن ٹنڈولکر نے بتایاکہ انہوں نے پہلا میچ بھارت کیلئے نہیں بلکہ عمران خان کی کپتانی میں پاکستان کیلئے کھیلاتھاحالانکہ عمومی طورپر یہی جانا جاتاہے کہ سچن نے 1989ءمیں پاکستان کے خلاف میچ کھیل کر اپنے کیریئر کا آغاز کیا ۔ کرکٹ کی دنیا کے بے تاج بادشاہ نے بتایاکہ ان کا ڈبیومیچ پاکستان اور بھارت کے درمیان پریکٹس میچ تھا،1987ءمیںپاکستانی ٹیم بھارت کے دورے پر آئی ہوئی تھی اور ایک نمائشی میچ کے دوران جب لنچ ٹائم پر جاوید میانداد اور عبدالقادر میدان سے باہر گئے تو انہیں عمران خان کی ٹیم کیلئے فیلڈنگ کرنے کو کہا گیا۔
اس یادگار میچ کو یاد کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ عمران خان نے انہیں لانگ آن پر کھڑا کیا اور کچھ ہی دیر بعد بھارتی کھلاڑی کپل دیو نے انتہائی اونچی شاٹ کھیلی اور وہ کیچ پکڑنے کیلئے تقریباً 15 میٹر دوڑے مگر گیند تک نہ پہنچ سکے، اگر عمران خان نے مجھے لانگ آن کی بجائے مڈ آن پر کھڑا کیا ہوتا تو میں کیچ ضرور پکڑ لیتا۔