پاکستان کے 2 اہم ترین شہروں کو پی ایس ایل میچز کی میزبانی سے محروم کر دیا گیا

لاہور (ویب ڈیسک ) پشاور کے ارباب نیاز سٹیڈیم میں ترقیاتی کام سست روی سے جاری ہیں اور پاکستان کرکٹ بورڈ نے تصدیق کی ہے کہ آئندہ سال بھی پشاور میں پاکستان سپر لیگ کا کوئی میچ نہیں ہوسکے گا اسی طرح کوئٹہ کے بھی کچھ سٹیڈیم میں بھی پی ایس ایل میچ نہیں ہوسکیں گے۔ پی سی بی چیف ایگزیکٹیو

وسیم خان نے تصدیق کی کہ زمبابوے کی سیریز راولپنڈی اور ملتان میں کھیلی جائے گی جبکہ 2021 ءمیں تمام ہوم سیریز کے لیے راولپنڈی، کراچی، ملتان اور لاہور کے سٹیڈیمز استعمال ہوں گے، چند ماہ قبل پی سی بی نے ارباب نیاز سٹیڈیم میں سپرلیگ کے میچ کرانے کا دعوی کیا تھا تاہم پی سی بی کی ایک معائنہ ٹیم نے گذشتہ دنوں پشاور کا دورہ کیا اور گرائونڈ کو بڑے میچز کیلئے ان فٹ قرار دے کر فروری میں پشاور میں کوئی میچ نہ کرانے کا فیصلہ کیا ہے ۔وسیم خان کا کہنا ہے کہ خیبر پختونخوا حکومت کے ساتھ مل کر پی سی بی ارباب نیاز سٹیڈیم کی تزئین و آرائش کا کام کروا رہا ہے ۔ البتہ فی الحال بورڈ دیگر سٹیڈیمز کی تزئین و آرائش کا کام نہیں کر رہا۔ مستقبل میں صوبائی حکومتوں کے ساتھ دیگر سٹیڈیمز کی تزئین و آرائش کا کام کریں گے۔ واضح رہے کہ پشاور پی ایس ایل کی ٹیم پشاور زلمی کا ہو م گرائونڈ تھا۔ امکان ہے کہ 2021ء میں بھی چار سنٹرز کراچی،لاہور، پنڈی اور ملتان ہی میں پی ایس ایل کے میچ ہوں گے۔