کرکٹ کی دنیا سے بڑی خبر: اب ہر سال ورلڈ کپ ہو گا، نیا شیڈول کب جاری کیا جانے والا ہے اور اس کا دورانیہ کیا ہو گا؟ تفصیلات سامنے آ گئیں

دبئی (ویب ڈیسک) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے کرکٹ کے کھیل سے زیادہ سے زیادہ پیسے کمانے کیلئے ہر سال ورلڈ کپ کرانے کا فیصلہ کر لیا ہے جس کے تحت 2023ءسے 8 سالوں میں 8 مینز ایونٹ، اتنے ہی ویمنز ایونٹ، 4 مینز انڈر 19 اور اتنے ہی ویمنز انڈر 19 ٹورنامنٹس کا انعقاد کیا جائے گا۔

تفصیلات کے مطابق 2023ء سے 2031 ءتک 8 برس کے دورانیہ میں 8 مینز، 8 ویمنز، 4 مینز انڈر 19 اور اتنے ہی ویمنز انڈر 19 ٹورنامنٹس منعقد کئے جائیں گے تاہم اس عرصے میں ٹی 20 اور ون ڈے ورلڈ کپ کی تعداد کے حوالے سے کچھ نہیں بتایا گیا البتہ بھارتی میڈیا کی رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ کونسل ہر سال ٹی 20 اور ہر 3 سال بعد ون ڈے ورلڈ کپ منعقد کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔ذرائع کے مطابق آئی سی سی میزبانی کیلئے تمام ممبران سے اظہار دلچسپی طلب کرے گی جبکہ بڈنگ کا عمل ویمنز اور انڈر 19 ایونٹس کی میزبانی سے 2020ءکے اوائل میں شروع ہوگا۔آئی سی سی چیئرمین ششانک منوہر کا کہنا ہے کہ تمام آپشنز کا اچھی طرح جائزہ لینے کے بعد بورڈ نے محسوس کیاکہ کیلنڈر میں مستقل مزاجی اور کھیل کو مضبوط بنیاد فراہم کرنے کیلئے ہر سال مرد و خواتین کے بڑے ایونٹس کا انعقاد ضروری ہے۔انہوں نے کہا کہ ایسا کرنے سے ناصرف سٹرکچر بہتر ہو گا بلکہ کھیل کو بھی فروغ ملے گا اور تمام سٹیک ہولڈرز کیلئے بھی مواقع بڑھیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم ایک ایسا بڈنگ ماڈل بھی تیار کر رہے ہیں جس سے 2023ءکے بعد تمام ممالک کو آئی سی سی ایونٹس کی میزبانی کے یکساں مواقع ملیں۔انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے ہر سال ورلڈکپ کرانے کافیصلہ کیا تو بھارت نے اس فیصلے کیخلاف موقف اپنایا مگر آئی سی سی نے بھارتی ’دھمکی‘ کو ہوا میں اڑا دیا۔تفصیلات کے مطابق بی سی سی آئی کے چیف ایگزیکٹیو راہول جوہری نے ای میل کے ذریعے کونسل کے چیف ایگزیکٹیو مانو ساہنی کو خبردار کیا تھا کہ ہر سال ورلڈکپ کے منصوبے پر مختلف وجوہات کی بنا پر عمل نہیں کیا جا سکتا جبکہ بی سی سی آئی کے جلد ہی انتخابات ہونے والے ہیں، اور نئے حکام ہی اس حوالے سے اپنی رائے دیں گے۔بھارتی میڈیا میں یہ بھی دعویٰ کیا گیا کہ کمیٹی آف ایڈمنسٹریٹرز کی جانب سے امیتابھ چوہدری پر آئی سی سی میں بی سی سی آئی کی نمائندگی پر پابندی عائد ہونے کے باوجود کونسل کے چیئرمین ششانک منوہر نے انہیں دبئی بلایا۔واضح رہے کہ آئی سی سی نے کرکٹ کے کھیل سے زیادہ سے زیادہ پیسے کمانے کیلئے ہر سال ورلڈ کپ کرانے کا فیصلہ کر لیا ہے جس کے تحت 2023ءسے 8 سالوں میں 8 مینز ایونٹ، اتنے ہی ویمنز ایونٹ، 4 مینز انڈر 19 اور اتنے ہی ویمنز انڈر 19 ٹورنامنٹس کا انعقاد کیا جائے گا۔