مصباح الحق ناکام ۔۔۔۔۔؟ پی سی بی نے ایک اور اشتہار جاری کر دیا

لاہور (ویب ڈیسک) پاکستان کرکٹ بورڈ میں ’دوہری ذمہ داری‘ کے حامل مصباح الحق کو بھی مدد کی ضرورت پڑ ہی گئی ہے اور پی سی بی نے قومی سلیکشن کمیٹی کے کو آرڈی نیٹر کیلئے اشتہاری جاری کر دیا ہے۔تفصیلات کے مطابق پی سی بی میں پاکستان کرکٹ بورڈ میں تبدیلیوں کی لہر مسلسل چل رہی

ہے جس کے تحت ڈومیسٹک سٹرکچر یکسر تبدیل ہوا اور ڈیپارٹمنٹس اور ریجنز کو ختم کرکے 6 صوبائی ٹیمیں متعارف کرائی گئیں، ہیڈ کوچ مکی آرتھر اور معاون سٹاف کو فارغ کئے جانے پر مصباح الحق نے ایک طاقتور شخصیت کا روپ دھار لیا، وہ کوچنگ کے ساتھ سلیکشن اختیارات کے بھی مالک بن چکے ہیں۔پی سی بی میں کسی شخص کو دوہری ذمہ داری دینے کا یہ تجربہ پہلی بار کیا جا رہا ہے اور اس ضمن میں سوالات اٹھائے جا رہے تھے کہ سابق کپتان بطور ہیڈ کوچ قومی ٹیم کے ساتھ سرگرمیوں خاص طور پر بیرون ملک ٹورز کی صورت میں چیف سلیکٹر کی ذمہ داریوں سے کس طرح انصاف کرپائیں گے،اس مسئلے کا حل تلاش کرنے کی کوشش میں پی سی بی نے ایک اور نیا تجربہ کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے قومی سلیکشن کمیٹی کے کو آرڈی نیٹر کی تقرری کیلئے اشتہار جاری کر دیا ہے۔امیدوار کیلئے لیول ٹو کوچ اور انٹرنیشنل کرکٹ کھیلنے کا تجربہ ہونا ضروری ہے،6صوبائی ٹیموں کے کوچز اور چیف سلیکٹر مصباح الحق کے درمیان رابطہ پل کا کردار ادا کرنا کو آرڈی نیٹر کی ذمہ داری ہوگی۔ترجمان پی سی بی نے واضح کیا ہے کہ کو آرڈی نیٹر سلیکشن کمیٹی کا حصہ نہیں ہوگا، وہ صرف کوچز سے رابطہ کرکے پرفارم کرنے والے کھلاڑیوں کی کارکردگی سے متعلق رپورٹس تیار کرکے ہیڈکوچ کے سامنے رکھے گا۔