بریکنگ نیوز:شائقین کرکٹ کے لیے بُری خبر۔۔۔۔ پاکستان اور سری لنکا کے درمیان ہونے والا میچ منسوخ ہوگیا

کراچی(ویب ڈیسک) پاکستان اور سری لنکا کے درمیان تین ایک روزہ میچوں پر مشتمل سیریز کا پہلا میچ بارش کے باعث منسوخ ہو گیا۔پاکستان اور سری لنکا کے درمیان پہلا ایک روزہ میچ نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں دوپہر تین بجے شروع ہونا تھا جب کہ ٹاس کا وقت ڈھائی بجے تھا تاہم تیز بارش کی وجہ سے

ٹاس بھی نہ ہو سکا۔تیز بارش کی وجہ سے نیشنل اسٹیڈیم تالاب کا منظر پیش کرنے لگا جب کہ کھلاڑی ڈریسنگ روم میں بیٹھ کر بارش تھمنے کا انتظار کرتے رہے۔پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے مطابق ٹاس کے وقت کا تعین گراؤنڈ اسٹاف کی جانب سے گراؤنڈ، میچ آفیشل کے سپرد کئے جانے کے بعد کیا جائے گا۔پی سی بی ترجمان نے بتایا کہ بارش رکنے کے بعد گراؤنڈ اسٹاف کی جانب سے انسپیکشن کے بعد میچ ریفری فیصلہ کریں گے کہ میچ ہو سکتا ہے۔لیکن بارش رکنے کے باوجود گراؤنڈ کی آؤٹ فیلڈ گیلی ہونے کے باعث میچ منسوخ کر دیا گیا۔واضح رہے کہ روشنیوں کے شہر کراچی میں 10 سال بعد ون ڈے انٹرنیشنل میچ ہونے جارہا ہے ، سری لنکا اور پاکستان تین ایک روزہ میچز کی سیریز کے پہلے میچ میں آج مد مقابل ہوں گے۔ پاکستان اور سری لنکا کے درمیان تین ایک روزہ میچز کی سیریز آج سے کراچی میں شروع ہورہی ہے، پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد یادگار سیریز میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کیلئے پر امید ہیں جبکہ سری لنکن کپتان تھریمانے بھی اپنی ٹیم کے نوجوان کرکٹرز کی جانب سے بہترین پرفارمنس کیلئے پر امید ہیں۔پاکستان اور سری لنکا کے درمیان تین ایک روزہ میچز کراچی میں کھیلے جائیں گے، سیریز کا پہلا میچ آج نیشنل اسٹیڈیم میں ہوگا ، جس کے بعد سیریز کے بقیہ ون ڈے میچز بالترتیب 29 ستمبر اور 2 اکتوبر کو کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں ہی کھیلے جائیں گے۔پاکستانی وقت کے مطابق میچ سہ پہر تین بجے شروع ہوگا۔میچ سے قبل دونوں ٹیموں نے جمعرات کو کراچی میں پریکٹس سیشن کیا۔پاکستان کرکٹ ٹیم دوپہر پریکٹس کرنے پہنچی تو کچھ ہی دیر بعد بارش نے پاکستان ٹیم کی پریکٹس کو روک دیا ، کچھ دیر گیلی آؤٹ فیلڈ ہونے کی وجہ سے پاکستان کی پریکٹس رکی رہی تاہم شام میں دوبارہ پاکستانی کرکٹرز نے پریکٹس سیشن کیا۔