”میری میچ سے قبل کھلاڑیوں سے ملاقات ہوئی تو۔۔۔“ کس کھلاڑی کو ڈراپ کرنا مشکل فیصلہ تھا؟؟ وسیم اکرم نے بتا دیا

لندن (نیوز ڈیسک ) پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور کمنٹیٹر وسیم اکرم نے کہا ہے کہ ٹیم انتظامیہ، مکی آرتھر اور سرفراز احمد کیلئے شعیب ملک کو ڈراپ کرنا یقینا مشکل فیصلہ رہا ہو گا مگر ٹیم پہلے اور کھلاڑی بعد میں آتے ہیں۔تفصیلات کے مطابق آئی سی سی کرکٹ

ورلڈکپ کے اہم میچ میں جنوبی افریقہ کیخلاف جیت پر تبصرہ کرتے ہوئے وسیم اکرم نے کہا کہ ”میچ سے پہلے وارم اپ سیشن کے دوران میں قومی ٹیم کے کھلاڑیوں سے ملا تو وہ پرسکون اور میچ کیلئے بھرپور تیار نظر آئے۔ سرفراز احمد اور مکی آرتھر کیلئے شعیب ملک جیسے کھلاڑی کو ٹیم سے ڈراپ کرنا یقینا مشکل فیصلہ رہا ہو گا مگر ٹیم پہلے اور کھلاڑی بعد میں آتے ہیں۔“انہوں نے مزید کہا کہ ”میرے خیال سے پاکستانی ٹیم کے کھلاڑیوں کو اگر مگر سے نکل کر صرف اور صرف بقیہ میچوں پر توجہ مرکوز رکھنی چاہئے کیونکہ تینوں میچ جیت کر ہی سیمی فائنل میں جگہ بنائی جا سکتی ہے۔ حارث سہیل نے پہلی مرتبہ مجھے متاثر کیا ہے بالخصوص جس طرح اس نے بیٹنگ کی، وہ لاجواب ہے۔“ دوسری جانب جنوبی افریقہ کیخلاف پاکستان کی شاندار فتح پر تبصرہ کرتے ہوئے رمیز راجہ نے کہا کہ اوپنرز نے اچھا آغاز فراہم کیا مگر 30 اوورز کا کھیل ہونے پر پاکستان مشکلات کا شکار تھا اور پھر حارث سہیل میدان میں آئے جنہوں نے عمدہ اننگز کھیلتے ہوئے حریف ٹیم کو 300 سے زائد ہدف دینے میں بھرپور کردار ادا کیا۔رمیز راجہ نے کہا کہ محمد عامر نے ہاشم آملہ کو آﺅٹ کر کے جس کام کا آغاز کیا، شاداب خان نے مڈل اوورز میں کریز پر سیٹ بلے بازوں کو پویلین بھیج کر اسے آگے بڑھایا اور پھر وہاب ریاض نے اپنی تیز رفتار باﺅلنگ سے جنوبی افریقہ کے تمام خواب چکنا چور کر دئیے۔