حکومت سندھ نے ٹیکس چوروں کے نام اخبارات میں شائع کرنے کا فیصلہ کر لیا، سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن کی زیر صدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا، ایکسائز ٹیکسیشن و نارکوٹکس کنٹرول کے سیکرٹری سلیم راجپوت، ڈی جی اورنگزیب پنہور، ڈائریکٹرز اور دیگر افسران شریک ہوئے، سینئر صوبائی وزیر شرجیل انعام میمن کا کہنا تھا کہ ٹیکس چور ملکی خوشحالی کے دشمن ہیں، ان کو کسی بھی صورت بخشا نہیں جائے گا، ٹیکس چوروں کے نام اخبارات میں شائع کئے جائیں گے، ان کے اکاؤنٹ منجمند کرنے کے لئے بھی اقدامات کریں گے۔
انہوں نے صوبے بھر میں منشیات فروشوں کے خلاف جاری کریک ڈاؤن کو سراہاا ور کریک ڈاؤن کے دوران بہترین کارکردگی دکھانے والے افسران کی تعریف اور کارروائیوں میں مزید تیزی لانے کی ہدایت کی، شرجیل انعام میمن نے منشیات فروشوں کے خلاف گھیرا تنگ کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ منشیات فروش ملک و قوم کے مستقبل کے دشمن ہیں،ان کے ساتھ کوئی نرمی نہیں برتی جائے گی، زیرو ٹالرنس پالیسی کی تحت صوبے بھر میں منشیات فروشوں کے خلاف کارروائیاں جاری رکھی جائے۔
سینئر صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ منشیات فروشوں اور ٹیکس چوروں کے خلاف کارروائیوں کے لئے پولیس کے قابل افسران اور جوانوں کو ڈیپوٹیشن پر محکمہ ایکسائز میں لایا جائے گا، ابتدائی طور پر کراچی اور حیدرآباد میں پولیس افسران ڈیپوٹیشن پر محکمہ ایکسائز میں لائے جائیں گے، انہوں نے کہا کہ منشیات کے خلاف کارروائیاں مزید تیز کرنی ہیں، متعلقہ ادارے ہمہ وقت تعاون کریں گے، منشیات فروشوں کی پراسیکیوشن اور انویسٹی گیشن مضبوط کی جائے۔
Discussion about this post