بالی ووڈ پر موت کے سائے۔۔!!

ممبئی (ویب ڈیسک) 26سالہ بھارتی اداکار اکشانت اتکرش نے ممبئی میں اپنے گھر میں پنکھے سے لٹک کر موت کو گلے لگا لیا۔ پولیس کے مطابق اکشانت اتکرش کا تعلق بھارتی ریاست بہار سے تھا اور وہ بھارتی شہر ممبئی کے علاقے اندھیری میں اپنی دوست کے ساتھ اپارٹمنٹ میں رہائش پذیر تھے

جہاں انہوں نے رات کو پنکھے سے لٹک کر اپنے آپکو مٹا دیا۔ حکام نے بتایا کہ ساتھی خاتون نے بیان میں کہا ہے کہ نوجوان اداکار کسی قسم کی پریشانی میں مبتلا نہیں تھے اور معمول کے مطابق اتوار کی رات بالکل ٹھیک تھے، ایک ساتھ کھانا کھایا جس کے بعد سونے کے لیے اپنے روم میں چلے گئے تاہم رات 11:30 پر واش روم جانے کے لیے اٹھی تو اکشانت کو مردہ پایا۔ پولیس نے لاش پوسٹمارٹم کے بعد لواحقین کے حوالے کردی اور حادثاتی موت کا پرچہ درج کر کے تحقیقات شروع کردی ہیں جب کہ ابتدائی تحقیقات اور پوسٹمارٹم رپورٹ میں کسی جرم کے ثبوت نہیں ملے ہیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ اداکار انڈسٹری میں کام نہ ملنے پر پریشان تھے جس پر انہوں نے اتوار کی رات یہ انتہائی قدم اٹھایا۔ دوسری جانب اداکار کے گھر والوں نے موت کو گلے لگا نےکے بجائے جان لینے کا الزام عائد کیا ہے اور شکایت کی ہے کہ ممبئی پولیس معاملے کو سنجیدہ نہیں لے رہی اور جان لینے کا مقدمہ نہیں درج کررہی۔ اداکار کے چچا کا کہنا ہے کہ اکشانت کسی ڈپریشن میں نہیں تھا، وہ کام تلاش کررہا تھا اور اسے ایک فلم بھی ملی تھی۔ خیال رہے کہ بہار سے ہی تعلق رکھنے والے اداکار سشانت سنگھ راجپوت نے رواں سال جون میں موت کو گلے لگا لیا تھا۔ ان کی اس حرکت کے بعد بھارتی فلم انڈسٹری میں اقربا پروری اور منشیات کے استعمال پر نئی بحث شروع ہوگئی ہے اور یہ معاملہ سپریم کورٹ تک پہنچ گیا ہے۔ بھارتی تحقیقاتی اداروں نے اب تک سشانت کیس میں ان کی گرل فرینڈ ریا چکرورتی سمیت 12 افراد کو گرفتار کیا ہے جب کہ منشیات کا معاملہ سامنے آنے کے بعد صف اول کی اداکاراؤں دپیکا، شردھا کو بھی شامل تفتیش کیا ہے۔