’’مجھے اس دن کا بے صبری سے انتظار ہے جب۔۔۔‘‘ سانحہ موٹر وے کے بعد اداکارہ نیمل خاور بھی متاثرہ خواتین کی آواز بن گئیں

اسلام آباد (ویب ڈیسک) شوبز انڈسٹری کی سابقہ اداکارہ اور حمزہ علی عباسی کی اہلیہ نیمل خاور عباسی کا حالیہ بد فعلی کے واقعات پر کہنا ہے کہ مجھے اس دن کا بےصبری سے انتظار ہے کہ جب وطن عزیز میں خواتین خود کو محفوظ تصور کریں گی۔ چند روز قبل لاہورموٹر وے پر

خاتون کے ساتھ پیش آنے والے بد فعلی کے خوفناک واقعے اوراس سے قبل کراچی میں 5 سال کی بچی کے ساتھ بد فعلی کے بعد اسے جلا کرقتل کرنے سمیت ملک میں دیگر ہونے والے پے در پے واقعات نے عوام کو بوکھلا کر رکھ دیا ہے جہاں لوگ اور معراف شخصیات غم وغصے کا اظہار کر رہی ہیں وہیں شوبز سے تعلق رکھنے والے افراد بھی اس ظلم پر مسلسل آواز اٹھا رہے ہیں۔ سوشل میڈیا ویب سائٹ ٹوئٹر پر نیمل خاور نے اپنے ٹوئٹ میں لکھا کہ ایک اور دن ایک اور بد فعلی جہلم میں 7 سالہ بچی کے ساتھ امام مسجد کی بد فعلی ، موٹر وے واقعہ اور مروہ کو بد فعلی کرنے کے بعد جلا دینا ایسے تمام واقعات میں روز بروز اضافہ ہو رہا ہے۔ نیمل نے لکھا کہ پاکستان اپنی خواتین کے لئے کب محفوظ ہوگا؟ مجھے اس دن کا بے صبری سے انتظار ہے- واضح رہے کہ حال ہی میں لاہور موٹر وے پر گوجرانوالہ کی رہائشی ثناء نامی خاتون کے ساتھ خوفناک واقعہ اس وقت پیش آیا جب لاہور موٹر وے پر اُن کی گاڑی کا پیٹرول ختم ہو گیا اس دوران ملزمان نے موقع کا فائدہ اٹھاتے ہوئے خاتون کی گاڑی کے شیشے توڑ کر انہیں گن پوائنٹ پر کھیتوں میں لے جا کر بد فعلی کا نشانہ بنایا-