مسلم لیگ ن کے سردار ایاز صادق نے سپیکر قومی اسمبلی منتخب ہونے کے بعد عہدے کا حلف اٹھا لیا، سپیکر اور ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی کے انتخاب کے لیے اجلاس راجہ پرویز اشرف کی زیر صدارت ہوا، نئے سپیکر کے انتخاب کے لیے مجموعی طور پر 291 ووٹ ڈالے گئے، ن لیگ اور اتحادی جماعتوں کے مشترکہ امیدوار سردار ایاز صادق نے 199 ووٹ حاصل کیے جبکہ ان کے مدمقابل سنی اتحاد کونسل کے امیدوار عامر ڈوگر صرف 91 ووٹ لے سکے، راجہ پرویز اشرف نے نو منتخب سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق سے عہدے کا حلف لیا، حلف اٹھانے کے بعد نو منتخب سپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے پارلیمان کا ایوان زیریں سنبھال لیا۔
سردار ایاز صادق سے حلف لینے کے بعد قومی اسمبلی کے سپیکر راجہ پرویز اشرف اپنے عہدے سے سبکدوش ہو گئے، اس سے قبل سپیکر ڈائس کے دائیں اور بائیں جانب دو پولنگ بوتھ قائم کیے گئے تھے، پولنگ بوتھ میں خصوصی طور پر لائٹ کا انتظام کیا گیا تھا، سپیکر نے عمر ایوب کو پوائنٹ آف آرڈر پر بولنے کا موقع دیا جبکہ سنی اتحاد کونسل اور آزاد ممبران نے احتجاج کرتے ہوئے سپیکر ڈائس کا گھیراؤ کر لیا، قبل ازیں قومی اسمبلی کا اجلاس شروع ہوا تو اراکین کے شور شرابے پر سپیکر راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ آج ایوان سپیکر، ڈپٹی سپیکر کا انتخاب کرے گا، ایوان کو چلنے دیں، اگر کوئی اعتراض ہے تو الیکشن کمیشن یا عدالت جائیں، اسمبلی اجلاس میں انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے جن ممبران کو نوٹیفائی کیا وہ ایوان کے معزز ارکان ہیں، جس آرٹیکل کے تحت آپ نے حلف اٹھایا، اسی کے تحت دیگر نے بھی حلف اٹھایا، وزیر اعظم کا انتخاب 3 مارچ اتوار ہو گا، وزیر اعظم کے انتخاب کیلئے کاغذات نامزدگی کل تک جمع کروائے جائیں گے۔
Discussion about this post