You are here
Home > پا کستا ن > پاکستانیوں کے لیے بڑی خبر! ملک میں پٹرول سستا ہونے کا امکان

پاکستانیوں کے لیے بڑی خبر! ملک میں پٹرول سستا ہونے کا امکان

اسلام آباد(نیوز ڈیسک) پاکستان میں پٹرول سستا ہونے کی امید پیدا ہوگئی، عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمت میں بڑی گراوٹ۔ تفصیلات کے مطابق پیر کے روز عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمت میں 5 فیصد کی زبردست گراوٹ دیکھنے میں آئی، جس کے بعد امید ظاہر کی جا رہی ہے کہ عالمی مارکیٹ میں کم ہوتی قیمتوں کا مثبت اثر پاکستان کی مارکیٹ پر بھی پڑے گا۔

بتایا گیا ہے کہ گزشتہ روز پیٹرولیم برآمد کرنے والے ممالک کی تنظیم اوپیک پلس کے رکن ممالک تیل کی پیداوار بڑھانیکے معاہدے پر متفق ہوگئے تھے، جس کے بعد پیر کے روز برینٹ آئل کی قیمت میں ساڑھے 3 ڈالر فی بیرل یعنی تقریباً 5 فیصد گراوٹ آئی۔ برینٹ کی فی بیرل قیمت مارچ کے بعد سب سے بڑی یومیہ گراوٹ کے نتیجے میں 69 ڈالر کی سطح پر آگئی، جبکہ امریکی خام تیل کی قیمت میں 3 عشاریہ 75 ڈالر کی کمی ہوئی جس کے بعد فی بیرل قیمت 68 ڈالر کی سطح تک آگئی۔

دوسری جانب گزشتہ روز کے اجلاس کے حوالے سے برطانوی میڈیاکے مطابق تیل کی پیدوار میں اضافے سے متعلق اوپیک پلس ممالک کا ویڈیو لنک اجلاس ویانا میں اوپیک سیکرٹریٹ میں ہوا جس میں رکن ممالک اور اوپیک کے اتحادی ممالک نے تیل کی پیداواربڑھانے کے معاہدے پر اتفاق کرلیا۔وزیرتوانائی متحدہ عرب امارات نے معاہدے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ اوپیک پلس کے وزرا نے خام تیل کی قیمتوں کو کنٹرول کرنے کے لیے اگست سے پیداوار بڑھانے پر اتفاق کیا ہے۔

خیال رہے کہ اس سے قبل جولائی کے اوائل میں اس سلسلے میں ہونے والے مذاکرات ناکام ہو گئے تھے جس میں متحدہ عرب امارات اور سعودی عرب تیل کی پیداوار بڑھانے سے متعلق شرائط پر متفق نہ ہوسکے تھے، جس کی وجہ سے مذاکرات بے نتیجہ رہے۔اوپیک پلس نے گذشتہ سال کورونا وائرس کی وبا کے باعث خام تیل کی طلب میں کمی کے باعث پیداوار میں ریکارڈ ایک کروڑ بیرل یومیہ کمی کی تھی جسے بتدریج بحال کیا گیا تھا۔ جبکہ اب اوپیک پلس کی جانب سے جاری بیان میں کہاگیا ہے کہ رواں سال اگست سے دسمبر تک خام تیل کی پیداوار میں 4 لاکھ بیرل یومیہ سے لے کر 20 لاکھ بیرل ماہانہ اضافہ کیا جائے گا۔


Top