You are here
Home > پا کستا ن > مجھے زبردستی اس کام پر کس نے مجبور کیا ؟پریزائڈنگ آفیسر لیاقت علی بھٹہ نے تہلکہ خیز ویڈیو پیغام جاری کردیا

مجھے زبردستی اس کام پر کس نے مجبور کیا ؟پریزائڈنگ آفیسر لیاقت علی بھٹہ نے تہلکہ خیز ویڈیو پیغام جاری کردیا

وزیر آباد (ویب  ڈیسک) پنجاب اسمبلی کے حلقہ پی پی 51 وزیر آباد کے ایک پولنگ سٹیشن پر بطور پریزائڈنگ آفیسر خدمات سرانجام دینے والے لیاقت علی بھٹہ نے کہا ہے کہ انہیں پولنگ کے روز اسلحےکے زور پر اغوا کیا گیا ، انہیں اب بھی جان سے مارنے کی دھمکیاں دی جا رہی ہیں۔

ایک ویڈیو پیغام میں لیاقت علی بھٹہ نے کہا کہ پولنگ ڈے پر سارا دن کچھ شرپسند عناصر انہیں  تنگ کرتے رہے ہیں، شام کو جب وہ رزلٹ جمع کروانے گئے تو کچھ لوگوں نے انہیں اسلحے کے زور پر اغوا کیا اور تھیلا چھین لیا، ’ان لوگوں نے میری تصویریں بنائیں، دھمکیاں دیتے رہے کہ اگر بات مان لی  تو ٹھیک ورنہ گولی مار دیں گے، یہ  بھی کہتے رہے کہ نہیں مانتا تو گولی مار دو، مجھے سڑکوں پر گھمایا گیا۔‘

لیاقت علی بھٹہ کا کہنا تھا کہ ان کی جان کو اب بھی خطرات لاحق ہیں، ان کے بچوں کو جان سے مارنے کی دھمکیاں دی جا رہی ہیں لیکن کوئی ادارہ ان کی بات نہیں سن رہا، انہوں نے الیکشن کمیشن کو بھی درخواست دی ہے لیکن کوئی کارروائی نہیں کی گئی۔ انہوں نے وزیر اعلیٰ پنجاب اور وزیر اعظم سے اپیل کی  کہ انہیں تحفظ فراہم کیا جائے۔

خیال رہے کہ جمعہ کو پولنگ ڈے پر لیاقت علی بھٹہ کی تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھیں اور کہا جا رہا تھا کہ یہ شخص دھاندلی کرتے ہوئے رنگے ہاتھوں پکڑا گیا ہے۔


Top