You are here
Home > پا کستا ن > این اے 75 ضمنی انتخاب! 20 پولنگ اسٹیشنز کے پریزائڈنگ افسر کس طرح غائب ہوئے ؟ ایک افسرکی مبینہ ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل

این اے 75 ضمنی انتخاب! 20 پولنگ اسٹیشنز کے پریزائڈنگ افسر کس طرح غائب ہوئے ؟ ایک افسرکی مبینہ ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل

لاہور (نیوز ڈیسک  )گزشتہ روز چار حلقوں میں ضمنی انتخاب ہوا جن میں دو قومی اور دو صوبائی اسمبلی کے حلقے شامل تھے ان میں سے تین کے نتائج تو آگئے لیکن ایک قومی اسمبلی کے حلقے این اے 75 کا نتیجہ پھنس گیا کیونکہ پولنگ ختم ہونے کے بعد 20 پولنگ سٹیشنز کے پریزائڈنگ افسر ہی غائب ہو گئے اور صبح چھ بجے نمودار ہوئے جس نے ہر کسی کو پریشانی میں مبتلا کر دیا ۔

تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن کی جانب سے پریزائڈنگ افسروں کے غائب ہونے کی وجہ سے نتیجے کو جاری کرنے سے روک دیا گیا ہے اور انکوائری رپورٹ کے بعد ہی نتیجہ جاری کرنے کا کہا گیاہے تاہم اس دوران سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو تیزی کے ساتھ وائر ل ہو رہی ہے جس کے بارے میں کہا جارہاہے کہ یہ غائب ہونے والے 20 پریزایڈنگ افسروں میں سے ایک افسر کی ویڈیو ہے ۔

 ویڈیو میں شکلیں اور دیگر چیزیں تو دھندلی کر دی گئی ہیں لیکن انہیں کہتے ہوئے یہ سنائی دیتا ہے کہ ” ایک ادارے کا بندہ ملا اور پوچھا کہ کوئی مسئلہ تو نہیں ہے ، اس نے نام پوچھا اور کہا کہ آپ نے واپسی پر ہمارے ساتھ جانا ہے ، ایک بندے کا نام لی اور اس کے ساتھ جانے کا کہا تاکہ نتیجے کیلئے ہم پر دباﺅ ڈال کر تبدیل کرا لیں گے ۔“

یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے پریس کانفرنس کے دوران دعویٰ کیا تھا کہ ہم موقعے سے جو شہادتیں ملی ہیں وہ یہ بتاتی ہیں کہ پریزائڈنگ افسروں کو سویلین گاڑیوں میں کچھ افراد کے ساتھ جاتے ہوئے دیکھا گیا ۔این اے 75 کے 361 پولنگ سٹیشنز میں سے 341 کا نتیجہ آ چکاہے تاہم 20 پولنگ سٹیشنز کے نتیجے کو روک لیا گیاہے ۔


Top