You are here
Home > پا کستا ن > قانون کی خلاف ورزی کرنا مہنگا پڑ گیا! حلیم عادل شیخ کو پولیس نے گرفتار کر لیا

قانون کی خلاف ورزی کرنا مہنگا پڑ گیا! حلیم عادل شیخ کو پولیس نے گرفتار کر لیا

کراچی (نیوز ڈیسک) پی ایس 88 میں الیکشن کمیشن آف پاکستان کے قوانین کی خلاف ورزی کرنے پر پولیس نے اپوزیشن لیڈر سندھ اسمبلی حلیم عادل شیخ کو گرفتار کر لیا ۔

 تفصیلات کے مطابق پی ایس88 میں ضمنی انتخابات کے لیے پولنگ جاری ہے ، اس دوران پی ٹی آئی رہنما حلیم عادل شیخ مسلح محافظوں کے ساتھ حلقے میں گشت کررہے تھے۔ حلقے میں ہوائی فائرنگ بھی کی گئی جس کے نتیجے میں بھگدڑ مچ گئی۔

تاج حیدر نے اس سے متعلق الیکشن کمیشن کو شکایت کی اور مسلح افرا کو حلقے سے باہر نکالنے کی درخواست کی جس پر الیکشن کمیشن نے حلیم عادل شیخ کو حلقے سے باہر جانے کا حکم دیا۔ الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے نوٹی فکیشن جاری کیا گیا کہ حلیم عادل شیخ کو فوری طور پر حلقے سے باہر نکالا جائے جس پر حلیم عادل شیخ کی پولیس سے تلخ کلامی بھی ہوئی ، حلیم عادل شیخ نے حلقے سے جانے سے انکار کیا تو پولیس نے سندھ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر حلیم عادل شیخ کو گرفتار کر لیا۔

حلیم عادل شیخ کو ساتھ لے جانے پر پولیس کو شدید مزاحمت کا سامنا کرنا پڑا۔ الیکشن کمیشن کے اس حکم پر حلقے میں پولیس اور پاکستان تحریک انصاف کے کارکنان آمنے سامنے آ گئے۔ حلیم عادل شیخ کے خلاف گھیرا تنگ کرنے پر پی ایس 88 میں پولیس اور پی ٹی آئی کارکنان کے مابین تصادم بھی ہوا ۔ ایس ایس پی ملیر عرفان بہادر نے حلیم عادل شیخ سے درخواست کی کہ آپ میرے ساتھ چلیں۔

حلیم عادل شیخ کو گرفتار کرنے کے بعد ایس ایس پی ملیر نے ذاتی گاڑی خود ڈرائیو کی۔ میڈیا ذرائع کے مطابق حلیم عادل شیخ کو ایس ایس پی آفس ملیر منتقل کیا جائے گا۔


Top