کورونا وائرس کتنے فیصد بچوں کو نشانہ بناتا ہے؟ تازہ تحقیق کے نتائج سامنے آگئے

نیویارک(ویب ڈیسک) کورونا وائرس نے اب تک بچوں اور نوعمر لوگوں کو کس قدر نشانہ بنایا؟ نئی تحقیق میں امریکی ماہرین نے اس سوال کا حیران کن جواب دے دیا ہے۔ میل آن لائن کے مطابق امریکہ ماہرین نے بتایا ہے کہ کورونا وائرس نے اب تک بچوں اور نوعمر لوگوں کو انتہائی کم شرح میں نشانہ بنایا۔

سائنسدانوں نے اس تحقیق میں 1لاکھ 35ہزار 749پیڈیاٹرک مریضوں کے الیکٹرانک ریکارڈ کا جائزہ لیا۔ ان میں سے صرف 5ہزار 374(4فیصد)بچوں کے کورونا وائرس ٹیسٹ مثبت آئے اور ان میں سے صرف 359کو کورونا کی وجہ سے ہسپتال میں داخل کرنا پڑا جبکہ ان 359میں سے صرف 8کی موت واقع ہوئی۔
رپورٹ کے مطابق اسی طرح ہزاروں نوعمر لوگوں کے ریکارڈ کا جائزہ لینے سے یہ پتا چلا کہ ان میں سے صرف 19کی کورونا وائرس سے موت واقع ہوئی۔اس طرح نوعمر لوگوں میں شرح اموات صرف 0.15فیصد رہی۔ ماہرین اس بات پر تاحال ورطہ حیرت میں مبتلا ہیں کہ کورونا وائرس بچوں اور نوعمر لوگوں پر اتنا کمزور کیوں ثابت ہو رہا ہے۔ ان کا ماننا ہے کہ بچوں کا مدافعتی نظام کورونا وائرس کے خلاف انتہائی مو¿ثر انداز میں ردعمل ظاہر کرتا ہے جس کی وجہ سے وہ اس وباءسے محفوظ رہتے ہیں، مگر تاحال ماہرین کواس کے کوئی سائنسی ثبوت میسر نہیں آ سکے۔