پاک فوج کے خلاف بات کرنے والوں کی زبان کھینچ لی جائے! لیگی رہنماء پھٹنے لگے، ایک اور رُکن اسمبلی نے آواز بُلند کر دی

شکرگڑھ(نیوز ڈیسک )مسلم لیگ ن کے باغی ممبر صوبائی اسمبلی مولوی غیاث الدین نے کہا ہے کہ کچھ عرصے سے چند سیاسی پارٹیاں فوج کے خلاف مسلسل زہر اگل رہی ہیں۔ایسے بیان دینے والوں کی زبانیں کھینچ لینی چاہیے۔مسلم لیگ ن کے صوبائی ممبر اسمبلی غیاث الدین نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ

پاک فوج امن کی ضمانت ہے،جو بھی سیاستدان پاک فوج کے خلاف بیان دے رہے ہیں اس کو قانون کے مطابق سزا دینی چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ میرے علاقے آئے روز جوان وطن پر جان نثاور کررہے ہیں۔سابق سپیکر قومی اسمبلی نے غلط بیان دیا، اس کی مذمت کرتا ہوں، ایسی بیانات پر کارروائی ہونی چاہیے، پاک فوج کے خلاف بولنے والی زبان کو کھینچ لینا چاہیے۔ ممبر صوبائی اسمبلی نے کہا کہ ان کے بیان سے مخالف قوتوں کو خوشی اور پاکستانی قوم کو اس پر تکلیف ہوئی، یہ سب بیان بازی اپنے ذاتی مقاصد کے لیے کر رہے ہیں ۔ مولوی غیاث الدین نے مطالبہ کیا کہ میاں نوازشریف اور ایاز صادق اپنے بیان کو واپس لے کر معذرت کریں۔دوسری جانب پاکستان مسلم لیگ (ن) کی مرکزی قیادت کا اعلی سطحی اجلاس جاتی امراء رائے ونڈ میں منعقد ہوا جس میں ملک کی مجموعی صورتحال اورآئندہ کے حوالے سے لائحہ عمل پر غور کیا گیا،اجلاس میں پی ڈی ایم کے جلسوں کی کامیابی پر اطمینان کا اظہار کیا گیا، اجلاس میں بڑھتی ہوئی مہنگائی، بیروزگاری، معیشت کی ابتری، خارجہ پالیسی کی ناکامیوں پر تشویش کا اظہار کیا گیا، اجلاس میں سردار ایاز صادق کے خلاف منفی اشتہاری مہم چلانے کی بھی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا گیا کہ وضاحت جاری ہونے کے باوجود اس طرح کے ہتھکنڈے در اصل عوام کی توجہ مہنگائی، بیروزاری،معیشت کی تباہی اور خارجہ پالیسی سمیت ہر محاذ پر بد ترین نالائقی و ناکامی سے ہٹانا چاہتی ہے۔اجلاس میں سینئر نائب صدر شاہد خاقان عباسی، سیکرٹری جنرل احسن اقبال، سردار ایاز صادق، نائب صدر مریم نواز، سینیٹر پرویز رشید، پنجاب کے صدر رانا ثنااللہ، خواجہ سعد رفیق، انجینئر

خرم دستگیر خان، مرکزی ترجمان مریم اورنگزیب، میاں جاوید لطیف، ڈپٹی سیکرٹری جنرل عطااللہ تارڑ سمیت دیگر رہنما شریک ہوئے۔مسلم لیگ نون کے رائے ونڈ میں ہونے والے اجلاس میں پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کے گوجرانوالہ، کراچی اور کوئٹہ کے کامیاب جلسوں پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہاگیا کہ عوام پی ڈی ایم کی سیاسی جدوجہد میں جس جوش وجذبے کا اظہار کررہے ہیں، اور جلسوں میں شرکت کررہے ہیں اس سے سلیکٹڈ حکومت کے پاؤں اکھڑ چکے ہیں۔ سلیکٹڈ حکومت کا پراپیگنڈے کے محاذ پر ایڑیاں رگڑنا اور بھارتی میڈیا کے زیراثر غداری کے اوچھے بیانیے کا پرچار شکست خوردگی کی علامت ہے۔ اجلاس نے فیصلہ کیا کہ اگلے مرحلے میں خیبرپختونخوا ہ میں پی ڈی ایم کے جلسوں کو بھرپور کامیاب بنانے کے لئے عوام اور کارکنان کو فعال کیاجائے۔پاکستان مسلم لیگ (ن)پی ڈی ایم اور پارٹی کے پلیٹ فارم سے ووٹ چوری کے خلاف اور عوام کے آئینی، قانونی، جمہوری اور معاشی حقوق کے لئے تاریخی کردار ادا کررہی ہے اور مستقبل میں اس سے بھی زیادہ قوت سے اپنا کردار ادا کرے گی اور کسی بھی قیمت پر اپنے بنیادی نصب العین سے پیچھے نہیں ہٹے گی۔اجلاس نے پارٹی صدر اور قائد حزب اختلاف شہبازشریف اور پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف حمزہ شہبازکو جیل میں قانونی سہولیات نہ دینے کی وزیراعظم عمران خان کی آئی جی جیل خانہ جات کو دھمکی کی شدید مذمت کی اور قرار دیا کہ فسطائیت اور سیاسی انتقام میں پاگل سلیکٹڈ وزیراعظم کی اوچھی اور خلاف قانون حرکتیں ان کا ڈولتا اقتدار بچا نہیں سکتیں۔اجلاس نے شہبازشریف اور حمزہ شہبازشریف کی آئین، قانون، جمہوریت، پارٹی نظریہ کے لئے قربانیوں اور سیاسی انتقام کا ڈٹ کر مقابلہ کرنے کے جذبے کو خراج تحسین پیش کیا۔ اجلاس نے پارٹی رہنماوں اور کارکنان کے جذبے کو بھی سراہا کہ وہ قائدمحمد نوازشریف کی قیادت میں پورے عزم اور جرات سے میدان عمل میں ڈٹے ہوئے ہیں۔ اجلاس میں پارٹی کے مستقبل کے پروگراموں، سیاسی سرگرمیوں اور سیاسی جدوجہد کے حوالے سے بھی لائحہ عمل پر مشاورت کی گئی۔