Categories
پا کستا ن

بریکنگ نیوز:بالآخر حکومت نے گھٹنے ٹیک دیے، سی سی پی او لاہور کو تبدیل کردیا گیا

لاہور (ویب ڈیسک) سی سی پی او لاہور عمر شیخ کو تبدیل کردیا گیا۔نجی ٹی وی 92 نیوز نے ذرائع کے حوالے سے دعویٰ کیا ہے کہ کچھ عرصہ پہلے ہی سی سی پی او لاہور تعینات ہونے والے عمر شیخ کو تبدیل کردیا گیا ہے۔ ان کی جگہ طارق عباس قریشی کو سی سی پی او لاہور

مقرر کیا گیا ہے۔خیال رہے کہ عمر شیخ کو کچھ عرصہ پہلے ہی سی سی پی او لاہور کے عہدے پر تعینات کیا گیا تھا۔ وہ اس عہدے پر آتے ہی تنازعات کا شکار ہوگئے اور آئے روز ان کے خلاف شکایت دیکھنے میں آرہی تھیں۔ جب انہوں نے عہدے کا چارج سنبھالا تو اس وقت کے آئی جی شعیب دستگیر کے ساتھ ان کا اختلاف ہوگیا جس کے نتیجے میں آئی جی کو عہدے سے ہاتھ دھونا پڑے۔ ان کے بارے میں یہ خبریں بھی سامنے آئیں کہ انہیں ایک انتہائی طاقتور حکومتی شخصیت کی پشت پناہی حاصل ہے جس کے باعث ان کی بجائے ان کے سینئر کو عہدے سے ہٹایا گیا۔ 9 ستمبر کو موٹروے زیادتی کیس پیش آیا تو عمر شیخ کے غیر ذمہ دارانہ بیانات نے بھی کافی ہنگامہ برپا کیا۔ گزشتہ دنوں ان کی ایک خاتون کو گالیاں دینے کی آڈیو لیک ہوئی جس کے بعد ان کی اپنے کاروباری پارٹنرز کو دھمکیاں دینے کی کال بھی لیک ہوگئی ۔ اس کے بعد وہ 2 روز کی چھٹی پر چلے گئے لیکن چھٹی کے دوسرے ہی روز انہیں تبدیل کردیا گیا ہے۔