’’مشہور کمپنی سیمسنگ پاکستان میں موبائل فون تیار کرنے کا پلانٹ لگانے پر غور کر رہی ہے۔۔‘‘ وفاقی وزیر برائے صنعت و پیداوار حماد اظہر نے خوشخبری سُنا دی

اسلام آباد (ویب ڈیسک) سمارٹ فون بنانے والی دنیا کی مشہور کمپنی سیمسنگ نے پاکستان میں موبائل فون تیار کرنے کا پلانٹ لگانے پر غور شروع کردیا ہے۔ اس بات کا اعلان وفاقی وزیر صنعت و پیداوار حما د اظہر نے سامسنگ پاکستان کے ایم ڈی اور سی ای او سے ملاقات کے بعد بذریعہ ٹویٹ کیا۔

ٹویٹر پر اپنے پیغام میں حماد اظہر کا کہنا تھا کہ پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کی ڈیوائس آئیڈینٹی فیکیشن، رجسٹریشن اینڈ بلاکنگ سسٹم ( ڈی آئی آر بی ایس) کے حال ہی میں متعارف کروائے جانے کے بعد پاکستان میں سمارٹ فونز کی تیاری میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے۔ حماد اظہر نے مزید کہا کہ سیمسنگ پاکستان کے ایم ڈی اور سی ای او نے بھی ملاقات کے دوران ان اقدامات کو سراہا اور پاکستان میں اپنا اسمبلنگ پلانٹ قائم کرنے پر غور کرنے کا عندیہ دیا ہے۔ یاد رہے کہ رواں برس اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) نے پاکستان کی پہلی موبائل مینوفیکچرنگ پالیسی متعارف کروائی تھی، جس پر تفصیلی بریفنگ کے بعد وزارت صنعت و پیداوار کو یہ ہدایات دی گئیں کہ وہ اس پالیسی کے خدو خال کو مزید بہتر کرے اور پاکستان میں موبائل فونز کی صنعت کو قائم کرنے کیلئے مزید ضرور ی اقدامات کرے ۔