بریکنگ نیوز: آمدن سے زائد اثاثے لے ڈوبے۔!! وفاقی وزیر خسرو بختیار کی نااہلی کی درخواست پر عدالت نے فیصلہ سُنا دیا

لاہور (ویب ڈیسک) نجی ٹی وی ذرائع کے مطابق سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں وفاقی وزیر خسرو بختیار کی نااہلی کی درخواست پر عدالت نے فیصلہ سنا دیا۔ عدالت نے وفاقی وزیر خسرو بختیارکی نااہلی کی درخواست مسترد کر دی، وزیر خزانہ پنجاب ہاشم جواں بخت کی نااہلی کی درخواست بھی مسترد کر دی گئی۔

تفصیلات کے مطابق درخواست گزار احسن عابد نے وفاقی وزیر اقتصادی امور خسرو بختیار اور ان کے بھائی ہاشم جواں بخت پر آمدن سے زائد اثاثے بنانے اور انہیں ظاہر نہ کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے درخواست دائر کی تھی۔ درخواست میں مؤقف اپنایا گیا ہے کہ دونوں بھائیوں نے آمدن سے زائد اثاثے بنائے اور انہیں ظاہر نہیں کیا جبکہ قومی احتساب بیورو (نیب) ملتان کو بھی ان کے خلاف کارروائی کے لیے درخواست دی گئی ہے۔ نیب کی جانب سے دونوں بھائیوں کے خلاف کارروائی نہ کرنے پر لاہور ہائی کورٹ سے رجوع کیا۔عدالت نے نیب کو قانون کے مطابق زیرالتوا درخواست کا فیصلہ تین ماہ میں کرنے کا حکم دیا لیکن نیب ملتان نے انکوائری اب مزید کارروائی کے لیے نیب لاہور کو بھجوادی ہے۔درخواست گزار نے کہا کہ انکوائری کی پیش رفت سے بھی آگاہ نہیں کیا جارہا۔ دونوں بھائیوں کے اثاثے ایک سو ارب سے زائد ہیں، خسرو بختیار اور ہاشم جواں بخت صادق اور امین نہیں رہے۔ درخواست گزار نے سپریم کورٹ سے اپیل کرتے ہوئے مؤقف اپنایا کہ عدالت مخدوم خسرو بختیار اور ان کے بھائی کے خلاف ریفرنس دائر کرنے اور نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) میں شامل کرنے کا حکم بھی دے۔خسرو بختیار اور ہاشم جواں بخت کو آئین کے آرٹیکل 63 کے تحت نااہل قرار دیا جائے۔