’’ ہم عمران خان کو لائے تھے اور ہم ہی عمران خان کو گرائے گے، حکومت سے باہر ہوتے ہی۔۔۔‘‘ میڈیا پر پابندیاں، نجم سیٹھی نے عمران حکومت کے لیے خطرے کی گھنٹی بجا دی

لاہور( مانیٹرنگ ڈیسک) سینئر صحافی و تجزیہ کار نجم سیٹھی کا کہنا ہے کہ عمران خان کو ہم ہی لائے تھے، انہیں گھر بھی ہم بھیجیں گے، عمران خان نے میڈیا کے ساتھ دشمنی مول لے لی ہے، انکا وقت قریب آ چکا ہے ایک دفعہ یہ اگر حکومت سے باہر ہوگئے پھر انہیں

پتہ چلے گا کہ میڈیا انکے ساتھ کرتا کیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے سینئر صحافی نجم سیٹھی کا کہنا تھا کہ جیسے ہی عمران خان نے حکومت سے باہر ہونا ہے تو پھر لوگوں نے انکے خلاف کھڑے ہوجانا ہے، انہوں نے میڈیا کے لوگوں کے ساتھ بہت ساری زیادتیاں کر دی ہیں، عمران خان کی کچھ اینکروں اور میڈیا کے لوگوں کے ساتھ ذاتی دشمنیاں بن چکی ہیں، نہ عمران خان کے خلاف کسی کو بولنے دیا جاتا ہے اور نہ ہی کسی کو لکھنے کی اجازت مل رہی ہے، اگر کوئی جرات پیدا کر کے عمران خان کے خلاف بات کر لے تو پیمرا کی جانب سے اسے سینسر کر دیا جاتا ہے، حکومتی رویوں کی وجہ سے اب بہت سارے لوگ یوٹیوب کی جانب جا رہے ہیں کیونکہ جو بھی عمران خان کے خلاف بات کرنے کی ہمت کرتا ہے حکومت کی جانب سے چینل مالکان کو حکم نامہ مل جاتا ہے کہ اسے چینل سے فارغ کر دو۔نجم سیٹھی کا کہنا تھا کہ اللہ کے گھر دیر ہے اندھیر نہیں وہ دن دور نہیں جب یہ لوگ حکومت سے آؤٹ ہونگے اور پھر انہیں میڈیا کی قدر یاد ہوگی ، انہیں پتہ چلے گا کہ یہ میڈیا ہی تھا جس کے کندھوں پر چڑھ کر عمران خان اقتدار کی کرسی تک پہنچ سکے۔ خیال رہے کہ عمران خان جب سے اقتدار میں آئے ہیں حکومتی پالیسیوں کی وجہ سے پاکستانی میڈیا ان سے نالاں ہے ، جس کی وجہ سے پاکستان میں میڈیا انڈسٹری بحران کا شکار ہوگئی ہے۔