پاک ترک دوستی لازوال۔!!! ترکی کے سرکاری ادارے نے پاکستانیوں کیلئے ’’یوٹیوب چینل‘‘ متعارف کرا دیا

انقرہ (ویب ڈیسک) پاک ترک دوستی لازوال ۔پاکستان میں اپنے شہرہ آفاق ڈرامے ارطغرل غازی کی بے حد مقبولیت کو دیکھتے ہوئے تُرک سرکاری نشریاتی ادارے ترکش ریڈیو اینڈ ٹیلی ویژن کارپوریشن (ٹی آر ٹی) نے خصوصی طور پر پاکستانی مداحوں کے لیے یوٹیوب چینل متعارف کر وا دیا ہے۔

ارطغرل غازی کو ٹی آر ٹی اور پاکستان ٹیلی وژن (پی ٹی وی) کے درمیان خصوصی معاہدے کے تحت وزیر اعظم عمران خان کی ہدایات پر اُردو میں ڈب کر کے یکم رمضان المبارک سے سرکاری ٹی وی(پی ٹی وی) پر نشر کیا جا رہا ہے اس ڈرامے نے پاکستان میں کئی ریکارڈ اپنے نام کئے ہیں جن میں سے یوٹیوب پر سب سے زیادہ دیکھا جانے والے ڈرامہ بھی بن چکا ہے۔ ارطغرل غازی کی کہانی 13 ویں صدی سے قبل کے ترک جنگجو بہادر ارطغرل غازی کی صلیبی قبیلوں سے جنگوں پر مبنی ہے، جنہیں اسلامی فتوحات اور ترکی کا گیم آف تھرونز بھی کہا جاتا ہے اس کہانی اور کرداروں نے نہ صرف پاکستانی عوام کو بلکہ سیاسی و شوبز معروف شخصیات کو بھی اپنے سحر میں جکڑ رکھا ہے جو مقبولیت اس ڈرامے کو پاکستان میں حاصل ہوئی اس سے پہلے کسی تُرک ڈرامے کے حصے میں نہیں آئی- ارطغرل غازی کی شاندار مقبولیت کے بعد ٹی آر ٹی نے پاکستانی مداحوں میں ترکی کے ڈراموں کی مقبولیت کو دیکھتے ہوئے یوٹیوب پر خصوصی چینل متعارف کرادیا، جس میں مقبول ڈراموں کو اردو سب ٹائیٹلز کے ساتھ اپ لوڈ کیا جا رہا ہے۔ ٹی آر ٹی کی جانب سے جون کے وسط میں متعارف کرائے گئے ٹی آر ٹی ڈرامہ نامی یوٹیوب چینل کو ایک ہفتے میں 24 ہزار سے زائد افراد نے سبسکرائب کرلیا اور اس پر اب تک ترکی کے 2 ڈراموں کی 10 اقساط کو ریلیز کیا جا چکا ہے۔چینل پر جاری کی گئی پہلی ویڈیو کو اب تک 79 ہزاربار دیکھا جا چکا ہے۔ اب تک ٹی آر ٹی ڈراما پر مقبول ڈرامے (پایہ تحت عبدالحمید) کی 8 قسطیں اور (الیمی براکما) کی 2 قسطوں کو اردو سب ٹائیٹلز کے ساتھ جاری کیا جا چکا ہے۔