کویڈ-19 کا کیا مطلب ہے؟ زرتاج گُل نے ایسی تشریح کر دی کہ ہر کوئی ایک دوسرے کا منہ دیکھنے لگا، وفاقی وزیر ایسا کیسے کہہ سکتی ہیں؟

اسلام آباد (نیوز ڈیسک ) پاکستان میں وفاقی حکومت پر یہ الزام لگتا ہے کہ اس نے کورونا وائرس کی آگاہی کے حوالے سے بھرپور طریقے سے کام نہیں کیا جس کی وجہ سے یہ وبا بے قابو ہوتی جارہی ہے۔ حکومت پر لگنے والے اس الزام میں کتنی صداقت ہے؟ اس کا اندازہ وزیر مملکت برائے ماحولیاتی تبدیلی زرتاج گل کی کووڈ 19 کی تشریح سے

لگایا جاسکتا ہے۔وزیر مملکت زرتاج گل نے سرکاری ٹی وی چینل پی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ” کووڈ 19 کا مطلب ہے کہ اس کے 19 پوائنٹس ہیں جو کسی بھی ملک میں کسی بھی طریقے سے اپلائی ہوسکتے ہیں۔” اب ایک وزیر کو اگر کووڈ 19 سے اتنی زیادہ آگاہی ہے تو عوام کی معلومات کا اندازہ لگانا زیادہ مشکل کام نہیں ہے۔خیال رہے کہ چین کے شہر ووہان سے 2019 میں شروع ہونے والی اس بیماری کو پہلے نوول کورونا وائرس کا نام دیا گیا تھا تاہم ڈبلیو ایچ او نے علاقائی تعصبات سے دنیا کو پاک رکھنے کیلئے اسے کووڈ 19 کا نیا نام دے دیا تھا۔ دوسری جانب پاکستان میں ایک ہی دن میں اب تک کی ریکارڈ کی جانے والی یومیہ اموات کی سب سے زیادہ تعداد ریکارڈ کی گئی ہے۔ گزشتہ روز ملک بھر میں گزشتہ روز کورونا وائرس کے باعث جاں بحق افراد کی تعداد 153 ریکارڈ کی گئی ہے۔اس وقت مجموعی طور پر پاکستان بھر میں کورونا کے باعث ہونے والی اموات کی کل تعداد 3 ہزار 382 ہو چکی ہے۔ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ملک بھر میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 6 ہزار 604 نئے کیسزبھی رپورٹ ہوئے ہیں۔ اگر اس سے ایک دن پہلے کے اعداد و شمار دیکھے جائیں تو پاکستان میں گزشتہ روز سے ایک دن قبل ریکارڈ کیے جانے والے نئے کیسز کی تعداد 5 ہزار سے کم کی سطح پر آ گئی تھی جبکہ ریکارڈ کی جانے والی اموات کی تعداد بھی 136 تھی۔ واضح رہے کہ ملک بھر میں کورونا کے باعث اب تک 1 لاکھ 71 ہزار 666 افراد متاثر ہو چکے ہیں جن میں سے صحت یاب ہونے والوں کی تعداد 63 ہزار 504 ہے جبکہ مجموعی طور پر 3 ہزار 382 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔