نسوار چھا گئی : لاکھوں پاکستانیوں کی پسندیدہ نسوار کے حوالے سے سینٹ میں حیران کن مطالبہ کر ڈالا گیا

اسلام آباد (ویب ڈیسک) سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے تجارت کو وزارت تجارت کے حکام نے آگاہ کیا ہے کہ ملتانی سوہن حلوہ، پشاوری چپل اور باسمتی چاول کے برانڈز کو دنیا بھر میں متعارف کرانے کیلئے جغرافیائی قانون تیار کرلیا گیا ہے، جبکہ اراکین سینیٹ نے نسوار اور خٹک ڈانس کو بھی

پاکستانی برانڈز میں شامل کرنے کی تجویز دے دی ۔ کمیٹی کا اجلاس سینیٹر مرزا محمد آفریدی کی صدارت میں ہوا۔ چیئرمین (آئی پی او) مجیب احمد خان نے بتایا جغرافیائی قانون میں 80 قومی و علاقائی سروسز اور مصنوعات کی فہرست طے کی گئی ہے ، خیبر پختونخوا حکومت نے خٹک ڈانس کو بھی رجسٹرڈ کرنے کی درخواست کی ہے ۔سینیٹر شبلی فراز نے کہا خیبر پختونخوا کے علاقائی ڈانس ‘اتن’اور نسوار کو بھی لسٹ میں شامل کیا جائے ۔ نسوار کو فہرست میں شامل کرنے کی تجویز پر کمیٹی کے اراکین نے قہقہے لگائے ۔چیئرمین آئی پی او نے مزید بتایا جغرافیائی قانون کا مسودہ 23جنوری 2018کو سی سی ایل سی نے منظور کیاتھا ،وفاقی کابینہ نے 20اگست 2019کو اس مسودے کی منظوری دی ۔