ننکانہ صاحب گردوارے پر چڑھائی کرنے والا اور عوام کو اکسانے والا ملزم گرفتار ، یہ دراصل کون نکلا اور اسکے عزائم کیا تھے ؟ حیران کن انکشاف

ننکانہ صاحب (ویب ڈیسک) ننکانہ صاحب میں گردوارہ جنم استھان پر چڑھائی کرنے والے عمران چشتی کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب کی ڈیجیٹل میڈیا ٹیم کے فوکل پرسن اظہر مشوانی نے ٹوئٹر پر ملزم کی تصویر شیئر کرتے ہوئے بتایا کہ ننکانہ صاحب واقعے کے مرکزی ملزم کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔

عمران چشتی کے خلاف مقدمہ نمبر 6/2020 درج کرلیا گیا ہے جس میں توہین مذہب اور دہشتگردی کی دفعات شامل کی گئی ہیں۔ ملزم کے خلاف295A/290/291/341/506/148/149 اور دہشتگردی کی دفعہ 7 اے ٹی اے کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ اظہر مشوانی نے سکھوں کو پیغام دیتے ہوئے وضاحت کی کہ 7 اے ٹی اے انسداد دہشتگردی ایکٹ کے تحت ناقابل ضمانت دفعہ ہے۔ خیال رہے کہ جمعہ کے روز عمران چشتی کی قیادت میں درجنوں مشتعل افراد نے ننکانہ صاحب میں سکھوں کے مقدس مقام گردوارہ جنم استھان کا گھیراﺅ کیا تھا۔ واقعہ گزشتہ برس سکھ لڑکی کی پسند کی شادی کے معاملے کا فالو اپ تھا ۔ احتجاج کے دوران عمران چشتی نے انتہائی قابل نفرت بیانات دیے تھے اور سکھوں کو ننکانہ صاحب سے نکالنے کی دھمکیاں دی تھیں۔ ہفتہ کے روز ملزم نے ایک ویڈیو پیغام میں اپنے جرم پر شرمندگی کا اظہار کرتے ہوئے معافی مانگی تھی۔