سردی شروع ہونے سے پہلے ہی نقلی انڈوں کی فروخت ، مگر کس شہر میں ؟ حیران کن انکشاف

کراچی (ویب ڈیسک) کراچی میں پلاسٹک کے انڈے فروخت کر کے شہریوں کی صحت سے کھلواڑ کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی گئی جس میں ایک دکاندار سمیت 3 افراد کو گرفتار کر لیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق شہر قائد کے علاقہ ڈیفنس میں پلاسٹک کے انڈوں کی فروخت کی شکایت سامنے آنے پر سندھ

فوڈ اتھارٹی نے پولیس کے ہمراہ ایک دکان پر کارروائی کی۔ کارروائی کے دوران اصلی انڈوں سے مشابہت رکھنے والے پلاسٹک کے نقلی انڈے ملنے پر تحویل میں لینے کے بعد جنرل اسٹور کے مالک کو گرفتار کرکے دکان سیل کردی گئی۔ اس حوالے سے ایس پی انویسٹی گیشن سوہائے عزیزنے کہا کہ پولیس نے اس ضمن میں اپنی تحقیقات کا دائرہ وسیع کردیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پلاسٹک کے انڈوں کی فروخت کے خلاف کی جانے والی کارروائی میں ایک دکاندار اور 2 سپلائرز کو گرفتار کیا گیا ہے جن میں سے ایک کو فارم ہاؤس سے گرفتار کیا گیا۔ ایس پی انویسٹی گیشن سوہائے عزیز نے مزید بتایا کہ کارروائی کے دوران زیر حراست ملزمان سے انڈوں سے لدا ٹرک بھی برآمد ہوا۔ تاہم انڈوں کی سپلائی کہاں سے کی جا رہی ہے اس حوالے سے پتہ لگانے کی کوشش کی جا رہی ہے جس کے لیے زیر حراست ملزمان سے تفتیش کا آغاز بھی کرد یا گیا ہے۔ پلاسٹک کے انڈوں کی فروخت کے انکشاف پر شہریوں نے بھی تشویش کا اظہار کیا ہے اور شہریوں کی صحت سے کھلواڑ کرنے والوں کی اس حرکت کی شدید مذمت کی ہے۔