پرائم منسٹر لون اسکیم : نوجوان کیلیے قرضوں کے حصول کا آغاز کب سے ہو گا، کتنا قرضہ مل سکے گا؟ تازہ ترین خبر

اسلام آباد (ویب ڈیسک) اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے وزیر اعظم عمران خان کی جانب سے نوجوانوں کو چھوٹے کاروبار کے لیے آسان شرائط پر بلاسود قرضوں کی فراہمی کے پروگرام ” پرائم منسٹر لون اسکیم پروگرام“ کے تحت قرضے کے حصول کی تاریخ کا اعلان کر دیا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق وفاقی حکومت نے کامیاب جوان پروگرام کے تحت چھوٹے کاروبار کیلئے 50 لاکھ روپے تک کا قرضہ دینے کیلئے 18 اکتوبر سے آن لائن رجسٹریشن کرنے کی منظوری دے دی ۔ وفاقی حکومت کامیاب جوان پروگرام کے تحت 45 سال تک کی عمر کے افراد کو کاروبار کیلئے 50 لاکھ روپے تک قرضے دے گی ۔ وزیر اعظم عمران خان پروگرام کا کل 17 اکتوبر کو افتتاح کریں گے ۔ وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی اینڈٹیلی کام کی ماتحت نیشنل ٹیلی کمیونیکیشن کمپنی قرض کے خواہشمند افراد سے آن لائن درخواستیں وصول کرے گی اور ڈیٹا تصدیق کیلئے متعلقہ اداروں کو بھجوائے گی۔این ٹی سی درخواست گزاروں کا ڈیٹا محفوظ رکھے گی اور قرضے کی منظوری کے بعد آن لائن تصدیق کرے گی۔ درخواست گزار کاروبار کے متعلق رپورٹس بھی آن لائن فراہم کریں گے ۔اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے مطابق قرضے کیلئے درخواست فارم نیشنل بینک، بینک آف پنجاب اور بینک آف خیبر کی شاخوں اور ویب سائٹس سے حاصل کیے جاسکتے ہیں۔ بینکوں کو ہدایت دی گئی ہے کہ درخواست فارم پر اپنے ٹول فری نمبر بھی درج کریں تاکہ اپنا کاروبار کرنے والے نوجوانوں کی رہنمائی کی جاسکے۔ کمپوٹررائز شناختی کارڈز کے حامل 21- 45 سال کے افراد اس پروگرام کے تحت قرضے لے سکتے ہیں۔ 18 سال کی عمر کے نوجوان ای کامرس یا آئی ٹی سے متعلق کاروبار کیلئے اس اسکیم سے فائدہ حاصل کر سکے ہیں۔