’’ آجاؤ پھر میدان میں ۔۔۔۔‘‘ سینیٹ میں دھاندلی کا رونا رونے والی اپوزیشن کو حکومت نے شاندار آفر کرا دی

لاہور(نیوز ڈیسک ) وفاقی معاون خصوصی برائے اطلاعات ونشریات ڈاکٹرفردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ حکومت سیکرٹ بیلٹنگ کی بجائے شوآف ہینڈ کیلئے تیار ہے،اپوزیشن چاہتی ہے تو شوآف ہینڈ کیلئے ترمیم لانے کو تیار ہیں، شوآف ہینڈ کیلئے ترمیم کی بات وزیراعظم کے توسط سے کر رہی ہوں۔انہوں نے نجی ٹی وی سے گفتگو

کرتے ہوئے اپوزیشن کو پیشکش کی ہے کہ حکومت سیکرٹ بیلٹنگ کی بجائے شوآف ہینڈ کیلئے تیار ہے۔اپوزیشن چاہتی ہے تو شوآف ہینڈ کیلئے ترمیم لانے کو تیار ہیں۔ شوآف ہینڈ کیلئے ترمیم کی بات وزیراعظم کے توسط سے کر رہی ہوں۔ فردوس عاشق اعوان نے ٹویٹر پر اپنے بیان میں کہا کہ جب وزیراعظم عمران خان نے سیکرٹ بیلٹنگ کی بجائے شو آف ہینڈ کے ذریعے سینیٹ انتخاب کی تجویز دی تھی تو دونوں بڑی سیاسی جماعتوں نے اسے رد کر دیا تھا۔انہوں نے کہا کہ 2013ء میں ظل سبحانی نے الیکشن نتائج سے پہلے ہی اعلان کرکے جو دھاندلی کی تھی وہ راجکماری کیوں بھول گئیں؟ ذاتی اور سیاسی مفاد کیلئے آپ نے وفاق کی علامت ادارے کو بھی معاف نہیں کیا۔فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ تحریک انصاف واحد سیاسی جماعت ہے جس نے وفاداریاں بدلنے پر اپنی جماعت کے صوبائی ممبران کے خلاف کاروائی کی۔اب بھی اس ضمن میں مثبت اقدام اور ترمیم کی حمایت کریں گے۔ انہوں نے ایک ٹویٹ میں کہا کہ احسن اقبال صاحب! تحقیقاتی کمیٹی ضرور بنائیں۔لیکن تحقیقات کا دائرہ چھانگا مانگا کے جنگلات اور مری کی پر فضا مقام پر قائم ریسٹ ہاؤسز تک وسیع کریں۔ملکی سیاست میں اخلاقیات کا گلا گھونٹنے والے آج کس منہ سے گلے پھاڑ کر اخلاقی سیاست کا درس دیتے ہیں؟ فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ 2018 کے انتخابات میں عوام سے مسترد ہونے کے بعد کل آپ کو سینیٹ میں شکست فاش کا سامنا کرنا پڑا۔ان دو جماعتوں نے کرپشن سے ناطہ نہ توڑا تو چند اضلاع تک محدود ہو جائیں گی۔کرپٹ قیادت کا دفاع کرنے والوں کا کوئی مستقبل نہیں۔