وہ وقت دور نہیں جب عوام عمران خان کو اٹھا کر باہر پھینک دے گی۔۔۔

ٹیکسلا(نیوز ڈیسک )پاکستان مسلم لیگ ن کے سینئر نائب صدر اور سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ وہ وقت دور نہیں جب عوام عمران خان کو اٹھا کر باہر پھینک دیگی۔ٹیکسلا میں جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ آج عمران خان اور اس کے وزیر عوام میں

جانے کے قابل نہیں ہیں ،وہ دن گئے جب عمران خان کنٹینر پر چڑھ کر تقریریں کرتے تھے ،دس مہینوں میں دشمن بھی ملک تباہ نہیں کر سکتا لیکن عمران خان نے ان دس مہینوں میں ملک بد حال کر دیا ہے ،وزیر اعظم ایک خاتون کے الفاظ سے ڈرتا ہے ،آج تک اس ملک میں اتنا بزدل اور بے غیرت وزیر اعظم نہیں آیا،عمران خان میں ہمت ہے تو پارلیمنٹ میں اپوزیشن کے سامنے آئے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ کابینہ کو آئین کا نہیں پتہ ،حکومت کی حالت دیکھیں آج مریم نواز کا انٹرویو بھی نہیں چلنے دیا۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں کیا ہو رہا ہے اس کی کسی کو پرواہ نہیں ہے ،لوگوں کو بتاﺅ کہ ملک کیسے چلے گا مسائل کیسے حل ہوں گے؟جج خود کہتا ہے کہ مجھ پر دباﺅڈالا گیا ،مجھے بلیک میل کیا گیا ،مجھ سے یہ فیصلہ لکھوایا گیا ،جس ملک میں منصف کا قلم خرید لیا گیا یا دبا لیا گیا وہ ملک ترقی نہیں کرتے ،ان عدالتوں کی حقیقت عوام کے سامنے آچکی ہے کہ منصف کیا کہہ رہا ہے؟مجھ سے بڑا ظلم ہوا ،میرا ضمیر ملامت کرتا ہے ،آج پانچ دن ہو گئے ہیں نواز شریف غیر قانونی طور پر جیل میں ہے ،اگر عدالت میں رتی بھر بھی جان ہے تو صبح ہونے سے پہلے نواز شریف کو رہا کر دے اور پھر مقدمہ چلا لے ،جیل میں عمران خان اور اس کے ٹولے کو ہونا چاہئے جو ججوں کو خریدتے ہیں ،جنہوں نے ٹیکس لگائے ہیں ،جنہوں نے مہنگائی کی ہے۔محکمہ صحت کا وزیر تین ارب کھا کر ملک سے بھاگ گیا اس کو کوئی پوچھنے والا نہیں ،نواز شریف کے دور میں مہنگائی کیوں نہیں ہوئی؟نواز شریف آرام کی زندگی گذار سکتا تھا مگر اس نے کہا بے شک مجھے جیل میں ڈال دو میں اس برائی کا مقابلہ کروں گا۔ملک گالیاں دینے اور دھمکیاں دینے سے نہیں چلتے ،وہ وقت دور نہیں جب عوام عمران خان کو اٹھا کر باہر پھینک دیں گے ۔