پاکستانی جاسوس نے درجنوں بھارتی فوجی افسران کے کمپیوٹرز کیسے ہیک کیے ؟

نئی دہلی(ویب ڈیسک) پاکستانی جاسوس نے 2015 اور 2018 کے دوران بھارتی فوج اور حساس اداروں کے درجنوں کمپیوٹرز ہیک کرلیے تھے۔بھارتی اخبار ٹائمز آف انڈیا نے سیجل کپور کے نام سے پاکستانی ہیکر کے بارے میں رپورٹ شائع کی ہے جس میں بتایا گیا کہ کس طرح ایک پاکستانی جاسوس نے درجنوں

بھارتی فوجی افسران کو بے وقوف بنادیا۔ پاکستانی آئی ٹی ماہر نے سیجل کپور کے نام سے فیس بک پر اکاؤنٹ بنایا اور بھارتی فوجی افسران سے دوستیاں کرنی شروع کردیں۔ پھر اپنے فیس بک اکاؤنٹ سے بھارتی افسران کے کمپیوٹرز کا شکار کیا۔اس گمنام پاکستانی ہیکر نے سیجل کپور کے نام سے تصاویر بھارتی فوجی افسران کو بھیجیں جن کے ذریعے اس نے ان کے کمپیوٹرز میں وائرس اور مال ویئرز داخل کرکے ان کے سسٹم میں موجود حساس معلومات چرالیں جن میں بھارتی کے اعلیٰ ترین میزائل براہموس کی انتہائی خفیہ معلومات بھی شامل تھیں، جنہیں لیک کرنے کے جرم میں بھارتی فوج نے گزشتہ سال اپنے انجینئر نشانت اگروال کو گرفتار کرلیا تھا۔ہیکر نے اس کام کے لیے دو سوفٹ ویئرز وہسپر اور گریوٹی ریٹ کو استعمال کیا اور پاکستان کی بجائے کسی اور ملک کے سرورز کے ذریعے یہ کام سرانجام دیا۔ بھارتی میڈیا کے مطابق وہ نامعلوم جاسوس 3 سال تک کامیابی سے جاسوسی کی کارروائیاں کرتا رہا اور اس نے دفاعی افواج اور تنظیموں کے 98 افسران کو نشانہ بنایا جن میں بھارتی فوج، فضائیہ، بحریہ، نیم فوجی فورسز اور پولیس شامل ہے۔انجینئر نشانت اگروال کی گرفتاری کے بعد جب تحقیقات کی گئیں تو سیجل کپور کے نام سے کام کرنے والے اس جاسوس کا انکشاف ہوا۔ تاہم وہ ان کی گرفت سے بہت دور کہیں موجود تھا اور بھارتی حکام سوائے سر پیٹنے کے کچھ نہ کرسکے۔ واضح رہے کہ پاکستانی جاسوس نے 2015 اور 2018 کے دوران بھارتی فوج اور حساس اداروں کے درجنوں کمپیوٹرز ہیک کرلیے تھے۔