برٹش ائیر ویز تو کچھ بھی نہیں ۔۔۔ کون کونسی یورپی ائیر لائینز نے پاکستان میں اپنی پروازیں شروع کرنے کا فیصلہ کر لیا؟

اسلام آباد (نیوز ڈیسک) وزیر اعظم عمران خان کی کامیاب خارجہ پالیسی کے ثمرات آنا شروع ہو گئے، برٹش ایئرویز کے بعد کئی یورپی ممالک کی ایئرلائنز نے پاکستان کیلئے اپنی پروازیں چلانے کا فیصلہ کر لیا۔میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ دنیا کے مختلف ممالک میں پاکستان میں اپنا فضائی آپریشن شروع

کرنے میں دلچسپی کا اظہار کیا ہے اس سلسلے میں فرانس جرمنی آذربائیجان اور ترکی کی نجی ائیرلائن نے وزارت خارجہ اور وزارت ہوابازی سے رابطوں کا آغاز کردیا ہے۔ان اقدامات سے پاکستان کا امیج دنیا بھر میں ابھر کر سامنے آنے لگا ہے ملک میں امن و امان کی صورت حال بہتر ہونے کی وجہ سے ہوا بازی کی صنعت کو فروغ حاصل ہونا شروع ہو گیا ہے۔یورپی ممالک فرانس، جرمنی آذربائیجان اور ترکی کی نجی ائیرلائن نے پاکستان کے لیے اپنا فضائی آپریشن شروع کرنے کے لئے دلچسپی کا اظہار کیا ہے۔اس حوالے سے وزارت خارجہ اور وزارت ہوابازی سے خط و کتابت کے ذریعے رابطے بھی شروع کر دیئے ہیں۔جرمن ایئر لائن لوفتھنسا ائیر لائن،ایئر فرانس اور ناروے کی ائیر لائن نے بھی پاکستان کے لیے اپنا فضائی آپریشن شروع کرنے میں دلچسپی ظاہر کیا ہے۔یورپین ائیر لائن کی جانب سے سول ایوی ایشن اتھارٹی سے رابطے شروع کر دیے گئے ہیں۔اس سلسلے میں غیر ملکی ایئرلائنز کی سیکیورٹی ٹیم اسلام آباد اور کراچی ایرپورٹ کا سفر بھی کر چکی ہیں۔ یاد رہے کہ گذشتہ برس دسمبر میں برٹش ائیر ویز نے دوبارہ پاکستان سے پروازیں شروع کرنے کا اعلان کیا تھا۔اس حوالے سے برطانوی ہائی کمشنر نے پریس کانفرنس بھی کی تھی۔ برطانوی ہائی کمشنر رچرڈ کراؤڈر کا کہنا تھا کہ پاکستان میں سکیورٹی صورتحال بہتر ہوئی جس وجہ سے برٹش ائیرویز نے پاکستان میں دس سال کے بعد فلائٹ آپریشن بحال کرنے کا فیصلہ کیا۔ برٹش ائیرویز کے اس اعلان کے بعد پاکستان تحریک انصاف کو ملک میں سرمایہ کاری لانے اورعالمی سطح پر ملک کا بہتر امیج بنانے پر کافی سراہا گیا تھا۔