آپ لوگوں کو بیکریاں نظر نہیں آتی، مساجد آجاتی ہیں۔۔۔!! کورونا کی وجہ سے مساجد بند کرنے کا مشورہ، مفتی منیب الرحمان لائیو شو کے دوران ہی محمد مالک پر برس پڑے، سینئر اینکر پر شدید تنقید

اسلام آباد( نیوز ڈیسک ) مفتی منیب الرحمان اور محمد مالک کے درمیان نوک جھونک، پروگرام کے دوران ہی مفتی منیب الرحمان غصے میں آگئے اور محمد مالک پر برس پڑے۔

تفصیلات کے مطابق پروگرام کے دوران ہی محمد مالک بار بار مفتی منیب الرحمان کو ٹوکتے رہے جس پر مفتی منیب الرحمان غصے میں آگئے اور کہا کہ اگر آپ نے دخل دینا ہے تو بند کردیں۔

محمد مالک دراصل مفتی منیب الرحمان کا جاوید احمد غامدی سے مناظرہ کروانا چاہتے تھے جس پر مفتی منیب الرحمان نے انکار کرتے ہوئے کہا کہ میں نے ایک عرصہ سے مناظرہ کرنا چھوڑدیا ہے۔
آپ لبرلز ہیں، آپ جس طرح بات کرنا چاہتے ہیں کریں، جن ایکسپرٹس کو بلانا چاہتے ہیں بلائیں۔

محمد مالک پر غصہ ہوتے ہوئے مفتی منیب نے کہا کہ کل سے مسجد کو نماز موضوع بنارکھا ہے 50 چینلز نے، آپ مسجد کو ٹارگٹ، نماز کو ٹارگٹ کررہے ہیں، بڑے بڑے سٹور اور معروف بیکریاں کھلی ہیں، لوگ اندر جارہے ہیں، واپس آرہے ہیں۔ وہاں لوگوں کا جھمگٹا ہے۔

اس پر آپ بات نہیں کرتے لیکن مسجد کو، نماز کو تمام چینلز نے اجتماعی طور پر ٹارگٹ کررکھا ہے۔مفتی منیب نے مزید کہا کہ ہم تعاون کررہے ہیں، ہم نے سوشل میڈیا پر مثبت پیغامات بھیجے ہیں، حکومت جو تعاون مانگ رہی ہے وہ ہم دے رہے ہیں لیکن آپ ڈکٹیٹ کررہے ہیں،اگر آپ مذہبی انقلاب لاسکتے ہیں تو ابھی لے آئیے۔ ایک منٹ کی تاخیر نہ کریں۔

جس پر محمد مالک نے کہا کہ ہمارے اوپر غصہ نہ کریں۔ ہم تو فیصلے نہیں کررہے ہیں، ہم تو سمجھنا چاہ رہے ہیں۔مفتی منیب نے جواب دیتے ہوئے کہا کہ نہیں آپ دین کو اٹیک کررہے ہیں۔ آپ نے کسی سپرسٹور کو اٹیک کیا؟ آپ نے کسی بیکری کو اٹیک کیا؟حکومت نے محدود تعداد کی اجازت دی ہے ، ا ب حکومت کی صوابدید ہے کہ جو نہیں مانتا اسکے خلاف کاروائی کرے اور مسجد سیل کردے۔ ہم نے تو اپنے تعلیمی ادارے اور مدارس بھی بند کردئیے ہیں۔

مفتی منیب نے محمد مالک سے کہا کہ جتنے آپ محبت وطن ہیں ہم بھی ہیں جتنے آپ محب انسانیت ہیں ہم بھی ہیں۔