ملک سمیت صوبے بھر میں سخت لاک ڈاؤن۔۔۔ موٹر وے کُھلی رہے گی یا نہیں؟ خصوصی احکامات جاری

اسلام آباد (ویب ڈیسک) کرونا وائرس سے بچاؤ کے لئے احتیاطی تدابیر کے طور پر موٹروے بھی بند کر دی گئی۔نیشنل ہائی وے اینڈ موٹروے کی جانب سے کہا گیا کہ ملک بھر کی تمام موٹرویز پبلک ٹرانسپورٹ کے لئے بند رہیں گی، کسی بھی گاڑی میں صرف دو افراد کو سفر کی اجازت دی جائے گی

جو معقول وجہ بیان کریں گے، اس کے علاوہ موٹروے پر کسی کو سفر کی اجازت نہیں دی جائے گی۔موٹروے پر مال بردار گاڑیوں ، تیل کی ترسیل والی گاڑیوں اور ضروری اشیاء خوردونوش والی گاڑیوں کو کم سے کم عملے کے ساتھ داخلہ کی اجازت ہو گی۔کرونا وائرس کی وجہ سے صوبوں نے لاک ڈاؤن نافذ کر رکھا ہے جس کی وجہ سے ملک بھر میں پبلک ٹرانسپورٹ بند کی گئی ہے، گاڑیوں میں صرف دو افراد کو ایمرجنسی میں سفر کی اجازت دی گئی ہے، ریلوے سروس کو بھی معطل کیا گیا ہے، پی آئی اے نے بھی فضائی آپریشن ملک بھر میں معطل کر دیا ہے، اب موٹروے کو بھی بند کر دیا گیا ہے۔خیال رہے کہ پاکستان میں کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد 1102 ہوگئی اور آٹھ افراد جاں بحق ہوچکے ہیں اور21 صحتیاب ہوچکے ہیں۔کورونا وائرس کے حوالے سے حکومتی ویب سائٹ covid.gov.pk پر جاری ہونے والے اعداد و شمار کے مطابق سندھ میں سب سے زیادہ 417، پنجاب میں323، بلوچستان میں131، خیبر پختونخوا121، گلگت بلتستان میں84، اسلام آباد میں 25جبکہ آزاد کشمیر میں ایک کیس رپورٹ ہوا۔گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 50 نئے کیسز سامنے آئے ہیں جبکہ اسلام آباد میں وائرس سے پہلی ہلاکت ہوئی ہے۔کورونا کے اب تک 21 مریض صحت یاب ہوچکے ہیں جبکہ پانچ کی حالت تشویش ناک اور 8 افراد مہلک وائرس سے جاں بحق ہوچکے ہیں۔