وائرس نے روس کے دروازے پر دستک دے دی!! کورونا وائرس سے خود کو محفوظ سمجھنے والے روس کے صدر نے بڑا اعلان کر دیا

ماسکو (ویب ڈیسک) روس کے صدر ولادی میر پیوٹن نے کورونا وائرس کے سبب ملک میں آئینی تبدیلی کے لیے ہونے والے انتخابات کو ملتوی کرنے کا اعلان کردیا۔ انہوں نے کہا کہ 22 اپریل کو ہونے والے انتخابات کو ملتوی کردیا گیا ہے۔

پیوٹن نے کہا کہ ہماری اولین ترجیح لوگوں کی صحت، زندگی اور حفاظت ہے لہٰذا میرا ماننا ہے کہ ووٹ کو ملتوی کردیا جائے۔انہوں نے مزید اعلان کیا کہ وائرس کا تیزی سے پھیلاؤ روکنے کے لیے روس کے عوام آئندہ ایک ہفتہ کام نہیں کریں گے۔

تاہم روس کے صدر نے خبردار کیا کہ ملک کے وسیع رقبے کے پیش نظر اس میں وائرس کا مکمل طور پر پھیلاؤ روکنا ناممکن ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ کورونا وائرس کے سبب ملک کی معیشت شدید دباؤ میں ہے لیکن اس کے باوجود ہم عوام کی فلاح کے لیے اقدامات جاری رکھیں گے۔ بدھ کو روس نے کورونا وائرس کے مزید 163 کیسز کی تصدیق کردی ہے جس سے روس میں وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 658 ہو گئی ہے۔

روس کی جانب سے پہلے ہی کورونا وائرس کے لیے اقدامات اٹھاتے ہوئے بیرون ملک سے آنے والوں کو قرنطینہ میں رہنے کا حکم دیا گیا ہے۔ روس نے ملک میں تمام ثقافتی سرگرمیوں، کھیلوں کے مقابلوں، سینما، نائٹ کلب اور ریسٹورنٹس سمیت عوام کے ایک جگہ جمع ہونے پر پابندیاں عائد کردی ہیں۔دوسری جانب روس کی عدالت اور پارلیمنٹ نے ملک میں مجوزہ تبدیلیوں کی منظوری دے دی ہے جس میں پیوٹن کے دوبارہ صدر منتخب ہونے پر عائد کی گئی پابندی کا خاتمہ بھی شامل ہے۔ اس پابندی کے خاتمے کے بعد گزشتہ چار مرتبہ سے صدر منتخب ہونے والے پیوٹن مزید دو مرتبہ روس کے صدر منتخب ہونے کے اہل ہو گئے ہیں۔ یاد رہے کہ کورونا وائرس کے سبب دنیا کے بیشتر ملکوں میں لاک ڈاؤن کردیا گیا ہے جہاں اب تک 19 ہزار سے زائد افراد وائرس کے سبب لقمہ اجل بن چکے ہیں۔