مڈٹرم انتخابات کب ہو رہے ہیں ؟اہم سیاسی شخصیت نے بڑی تبدیلی آنے کی پیشگوئی کر دی

لاہور(ویب ڈیسک)مسلم لیگ (ن )کے سینئر رہنما مخدوم جاوید ہاشمی نے ایک اہم انکشاف کیا ہے ان کا کہنا ہے کہ دسمبر میں تبدیلی آئیگی اور مڈ ٹرم انتخابات دیوار پر لکھے جاچکے ہیں۔اپنی رہائش گاہ پر پریس کانفرنس کرتے ہوئےجاوید ہاشمی نے کہاکہ مڈٹرم انتخابات دیوار پرلکھے ہوئے ہیں، ملک میں سیاسی

بحران گہرا ہوتا جارہا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) بہت کامیابی اور بہترین حکمت عملی سے آگے بڑھ رہی ہے۔جاوید ہاشمی نے کہا کہ ملکی حالات کا حل پی ڈی ایم نے اپنے اتحاد میں بتادیا ہے، ملک میں مہنگائی اور بے روزگاری میں اضافہ ہوا ہے اور ملک میں قحط زدہ ممالک سے بھی برے حالات ہیں۔ سینئر سیاستدان نے کہا کہ عوام کی یہ بدقسمتی ہے کہ حکمران ان کے زخموں پر مرہم رکھنے کیلئے تیار نہیں اوراب عوام بھی عمران خان کی پالیسیوں پر اعتبار کرنے کو تیار نہیں۔ انہوں نے کہاکہ ٹائیگر فورس مہنگائی کنٹرول کرنے کے لیے بنائی گئی تھی لیکن اسے سیاسی مقاصد کے لیے استعمال کیا جارہا ہے۔دوسری طرف ایک اور خبر کے مطابق سابق وزیر اعظم نوازشریف کی میڈیکل رپورٹس کی تحقیقات کے لیے اسلام آباد ہائیکورٹ میں درخواست دائر کی گئی ہے۔زمان مغل نامی شہری کی جانب سے رانا احمد رضا ایڈووکیٹ کے ذریعے دائر کی گئی درخواست میں نواز شریف، شہباز شریف، سیکرٹری داخلہ، سیکرٹری صحت، سیکرٹری ہیلتھ پنجاب، چیئرمین نیب، آئی جی پنجاب اور سی سی پی او لاہور کو فریق بنایا گیا ہے۔درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ نواز شریف لندن میں علاج کی بجائے ملک اور ملکی اداروں کو بدنام کر رہے ہیں، ان کی تقاریر کا مقصد پاکستان کو دنیا میں تنہا کرنا، پاکستان کو ایف اے ٹی ایف کی گرے لسٹ میں رکھنا، مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں سے عالمی توجہ ہٹانا ہے، نواز شریف کی پاک فوج کے اعلی حکام کے خلاف زبان قابل شرم ہے۔درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ حکومتی نمائندوں کے مطابق نواز شریف نے جعلی میڈیکل رپورٹس جمع کرائیں، نواز شریف کی میڈیکل رپورٹس کی تحقیقات کے لیے کمیشن تشکیل دیا جائے، جو معلوم کرے کہ جعلی میڈیکل رپورٹس کس نے بنائیں؟