ان ہاؤس تبدیلی ۔۔۔ گورنر پنجاب چوہدری سرور نے ایسی بات کہہ دی کہ افواہوں کا ڈراپ سین ہو گیا

اسلام آباد (ویب ڈیسک) گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور کا کہنا ہے کہ کسی بھی قسم کی ان ہاؤس تبدیلی نہیں ہو گی۔ نجی ٹی وی کے مارننگ شو ’صبح سے آگے‘ میں گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ہمارے وزیراعظم عمران خان ہی ہوں گے اور اب پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی)

حکومت کی توجہ غریب آدمی کے مسائل حل کرنے پر ہے۔ گورنر پنجاب کا مزید کہنا تھا کہ ہم سب نوازشریف کی صحت یابی کےلیے دعا گو ہیں، نوازشریف کی صحت کیلئے بہترین میڈیکل بورڈ بنایا اور حکومت نے نوازشریف کی بیرون ملک روانگی میں بھی کوئی رکاوٹ نہیں ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نوازشریف کو شفادیں اور وہ علاج کرا کر واپس آئیں۔ اویس منگل والا اور شفا یوسفزئی سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ دنیا کا نظام سیاست دانوں نے ہی چلانا ہے کیونکہ حکومتیں سیاست دان ہی چلاتے ہیں۔ پاکستان میں سیاست کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ سیاست میں اچھے لوگ نہ آئے تو ملک کے مسائل مزید بڑھیں گے، اچھے سیاست دان کی پہچان لوگوں کی ضروریات کو سمجھ کر پورا کرنا ہے۔ گورنر پنجاب چودھری سرور نے کہا کہ پاکستان میں بلدیاتی نظام کو مضبوط نہیں کیا گیا، بلدیاتی نظام بہتر ہونے سے عوام کے بہت سے مسائل حل ہو جائیں گے۔ گفتگو کے دوران انہوں نے بتایا کہ کبھی نہیں سوچا تھا کہ پاکستان کی سیاست کا حصہ بنوں گا، برطانیہ میں میرے تعلقات بے نظیر بھٹو شہید کےساتھ تھے، جلاوطنی کےدوران شریف بردران کےساتھ بھی تعلق تھا۔ چودھری سرور نے بتایا کہ 2007 میں بےنظیر بھٹو نے پیپلزپارٹی میں شمولیت کی دعوت دی۔ گورنر پنجاب کہنا تھا کہ پی ٹی آئی اور عمران خان کا وژن نظام کی تبدیلی اور کرپشن ناقابل برداشت ہے۔ حکومت کو درپیش مسائل کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ حکومت کو مہنگائی اور گڈ گورننس میں مسائل کا سامنا ہے۔ گورنر پنجاب نے بتایا کہا کہ پی ٹی آئی حکومت نے کرنٹ اکاؤنٹ خسارے میں کمی کی اور مہنگائی کم کرنے کے لیے بھی کوشاں ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب بہت بڑا صوبہ ہے،اس لیے چیلنجز بھی زیادہ ہیں، وزیراعلیٰ پنجاب وزیراعظم کی ہدایات پر کام کررہے ہیں، وزیراعظم نے وزرائے اعلیٰ کو تمام اختیارات دے رکھے ہیں۔ چودھری سرور کا کہنا تھا کہ عثمان بزدار کے پاس وہی اختیارات ہیں جو شہبازشریف کے پاس تھے، وزیراعلیٰ پنجاب کو وزیراعظم اور صوبائی کابینہ کا اعتماد حاصل ہے، عوام کو بھی وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار سے مایوس نہیں ہونا چاہیے۔ چوہدری سرور نے واضح کیا کہ پی ٹی آئی کے اتحادیوں کے ساتھ کوئی اختلافات نہیں ہیں۔