بریکنگ نیوز:مولانا فضل الرحمان کے بعد بلاول بھٹو نے بھی فوج کے خلاف بیان جاری کر دیا

اسلام آباد(ویب ڈیسک) پیپلز پارٹی کے چیئر مین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ انتخابات کے دوران پولنگ اسٹیشنز کے اندر اور باہر فوجی اہلکاروں کی تعیناتی جیسے اقدامات مسلح افواج کو متنازع بنارہے ہیں۔ مائیکر بلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ ای سی پی کو مسلسل احتجاج

اور شکایات کے باوجود سندھ اسمبلی کی نشست پی ایس 86 کے ضمنی الیکشن کے دوران پولنگ اسٹیشن کے باہر اور اندر فوج موجود رہی۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے پہلے دن سے ہی فوجی اہلکاروں کی پولنگ اسٹیشن کے اندر تعیناتی پر احتجاج کیا، جب گزشتہ عام انتخابات کے دوران اس کی مشق دیکھنے میں آئی تھی۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ اس طرح کے اقدامات غیر ضروری طور پر ہماری مسلح افواج کو متنازع بناتے ہیں۔واضح رہے کہ اندرون سندھ کی تحصیل جوہی میں صوبائی اسمبلی پی ایس 86 دادو4 پر پولنگ کا وقت ختم ہوگیا اور ووٹوں کی گنتی جاری ہے۔پیپلز پارٹی کے رکن سندھ اسمبلی غلام شاہ جیلانی کےانتقال کے باعث خالی ہونے والی نشست کیلئے پیپلزپارٹی، پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) اور چار آزاد امیدوار میدان میں ہیں۔158 پولنگ اسٹیشنوں پر پولنگ صبح آٹھ بجے شروع ہوئی جو بغیر کسی وقفے کے شام پانچ بجے تک جاری رہی۔102 پولنگ اسٹیشنز کے غیر حتمی و غیر سرکاری نتائج کے مطابق پیپلز پارٹی کے امیدوار سید صالح شاہ30 ہزار 46 ووٹ لے کر پہلے جبکہ تحریک انصاف کے امداد خان لغاری 13 ہزار 875 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر ہیں۔کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے کیلئے فوج اور رینجرز کے 1100 اور پولیس کے 1300 اہلکاروں کو تعینات کیا گیا تھا۔پاک فوج اور رینجرز کے اہلکار پولنگ اسٹیشن کے اندر اور باہر تعینات رہے۔ ضلعی انتظامیہ کی ہدایت پر دادو بھر میں عام تعطیل رہی۔ پیپلز پارٹی کے چیئر مین بلاول بھٹو زرداری نےمزید کہا کہ انتخابات کے دوران پولنگ اسٹیشنز کے اندر اور باہر فوجی اہلکاروں کی تعیناتی جیسے اقدامات مسلح افواج کو متنازع بنارہے ہیں۔