’’اللہ کی شان!!!مجھے سمجھ نہیں آتا لوگ اپنی اوقات کیسے بھول جاتے ہیں۔۔‘‘ شعیب اختر نے سری لنکن کھلاڑیوں کو پاکستانی احسانات گنوادیے

راولپنڈی (ویب ڈیسک) راولپنڈی ایکسپریس شعیب اختر نے سری لنکن کھلاڑیوں کی جانب سے دورہ پاکستان سے انکار پر انہیں وہ وقت یاد دلایا ہے جب مشکل وقت میں پاکستان نے سب سے آگے بڑھ کر سری لنکا کی مدد کی تھی۔ٹوئٹر پرشعیب اختر نے کہا کہ انہیں پاکستان آنے سے انکار کرنے والے 10 سری لنکن


کرکٹرز کے رویے سے سخت مایوسی ہوئی ہے، پاکستان نے ہمیشہ ہی سری لنکن کرکٹ کی سب سے بڑھ چڑھ کر مدد کی ہے۔شعیب اختر نے بتایا کہ حال ہی میں جب سری لنکا میں ایسٹر دھماکے ہوئے تو ہم نے اپنی انڈر 19 ٹیم کو وہاں بھجوایا ، اور یہ پہلی انٹرنیشنل ٹیم تھی جو سری لنکا میں کھیلنے کیلئے گئی اور یہ کیسے ہوسکتا ہے کہ کوئی 1996 کے ورلڈ کپ کو بھول جائے جب آسٹریلیا اور ویسٹ انڈیز نے سری لنکا میں کھیلنے سے انکار کردیا تھا۔ پاکستان نے انڈیا کے کھلاڑیوں کے ساتھ مل کر مشترکہ ٹیم بنائی اور کولمبو میں دوستانہ میچ کھیلا۔شعیب اختر نے کہا کہ ہم سری لنکا کی طرف سے ان احسانات کے بدلے کی توقع رکھتے ہیں ، ان کا بورڈ تعاون کر رہا ہے ، کھلاڑیوں کو بھی تعاون کرنا چاہیے۔خیال رہے کہ سری لنکن کرکٹ ٹیم کے 10 کھلاڑیوں نے پاکستان میں شیڈول ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی سیریز کیلئے پاکستان آنے سے انکار کردیا ہے۔ وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری کہتے ہیں کہ سری لنکن کھلاڑیوں نے انکار بھارتی دباﺅ کی وجہ سے کیا ہے کیونکہ انڈین کرکٹ بورڈ نے کھلاڑیوں کو دھمکی دی ہے کہ اگر وہ پاکستان میں کھیلنے گئے تو انہیں آئی پی ایل سے آﺅٹ کردیا جائے گا۔ جبکہ دوسری جانب ایک خبر کے مطابق دورہ پاکستان سے انکار پر سری لنکن کھلاڑی تھسارا پریرا اور نیروشن ڈکویلا کو کیریبیئن پریمیئر لیگ میں شرکت کیلیے درکار این او سی سے محروم ہونا پڑگیا،گزشتہ

روز سری لنکن ون ڈے ٹیم کے کپتان ڈیموتھ کرونا رتنے، ٹی ٹوئنٹی کپتان لیستھ مالنگا، اینجیلو میتھیوز، سورنگا لکمل، اکیلا دھننجایا، دنیش چندیمل، دھننجیا ڈی سلوا، کوشل پریرا، نیروشن ڈکویلا اور تھسارا پریرا سمیت 10 کرکٹرز نے ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی سیریز کیلیے پاکستان آنے سے صاف انکار کردیا تھا، سری لنکن بورڈ نے ون ڈے ٹیم کی قیادت لاہیرو تھریمانے اور ٹی ٹوئنٹی کی ڈاسن شناکا کے سپرد کردی۔ایکسپریس کے مطابق اب سی پی ایل میں شریک تھسارا پریرا کو کہا گیا ہے کہ 15 ستمبر سے قبل سری لنکا واپس پہنچ کر رپورٹ کریں، دوسری طرف نیروشن ڈکویلا کو سرے سے این او سی دیا ہی نہیں گیا، وہ قبل ازیں نیوزی لینڈ کیخلاف سیریز کی وجہ سے سی پی ایل کا کوئی میچ نہیں کھیل پائے تھے۔سری لنکن کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹو ایشلے ڈی سلوا نے کہا ہے کہ جب بھی قومی ٹیم کی کوئی مصروفیات ہوں، کسی کھلاڑی کو این او سی دینے کی پالیسی نہیں ہے، ایس ایل سی کے ایک اور عہدیدار کا کہنا ہے کہ پاکستان جانے سے انکار کرنے والے کرکٹرز کے رویہ پر مایوسی ہوئی ہے، نیروشن ڈکویلا اور تھسارا پریرا کو قومی ٹیم کا کیمپ جوائن کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔یاد رہے کہ سری لنکن ٹیم کی 25 ستمبر کو کراچی آمد کے بعد پہلا ون ڈے27 ستمبر، دوسرا29 ستمبر اور تیسرا 2 اکتوبر کو نیشنل سٹیڈیم میں کھیلا جائے گا، ٹی ٹوئنٹی سیریز کے تینوں میچز قذافی سٹیڈیم لاہور میں 5، 7 اور 9 اکتوبر کو شیڈول ہیں۔