You are here
Home > انٹر نیشنل > میلانیہ ٹرمپ کی سالگرہ،کتنے برس کی ہوگئیں اور ٹرمپ سے کیا تحفہ متوقع ہے؟

میلانیہ ٹرمپ کی سالگرہ،کتنے برس کی ہوگئیں اور ٹرمپ سے کیا تحفہ متوقع ہے؟

واشنگٹن(ویب ڈیسک) سابق امریکی صدر ڈونلڈٹرمپ کی اہلیہ میلانیا ٹرمپ آج اپنی 51ویں سالگرہ منا رہی ہیں۔ وہ 26اپریل 1970ءکو سلووینیا کے شہر سیونیکا میں پیدا ہوئی تھیں، جو اس وقت یوگوسلاویہ کا حصہ تھا۔ ان کے والد وکٹر نیواس کمیونسٹ پارٹی کے رکن تھے۔میلانیا ٹرمپ کے لیے آج کا دن خوشیوں کا دن ہے اور یقینا انہیں ڈونلڈٹرمپ کی طرف سے کوئی تحفہ بھی ملے گا، مگر وہ تحفہ کیا ہو سکتا ہے؟ اس حوالے سے ڈونلڈٹرمپ کا ریکارڈ دیکھتے ہوئے ہم اس کا اندازہ لگا سکتے ہیں۔

ڈیلی سٹار کے مطابق 2018ءمیں ڈونلڈٹرمپ نے فوکس نیوز کو ایک انٹرویو دیا تھا جس میں انہوں نے یہ اعتراف کیا تھا کہ وہ میلانیا کو کچھ زیادہ تحائف نہیں دیتے۔انٹرویو کے شروع میں ہی ڈونلڈٹرمپ نے کہہ دیا تھا کہ آج میلانیا کی سالگرہ کا دن ہے اور اس دن کو میں نے فوکس نیوز کو انٹرویو دینے کے لیے منتخب کیا چنانچہ میرا فوکس نیوز پر آنا ہی میلانیا کے لیے تحفہ ہو سکتا ہے۔

میزبان بریان کیلمیڈ نے ڈونلڈٹرمپ سے کہا کہ انہوں نے اب تک میلانیا کو کیا تحائف دیئے ہیں، اس حوالے سے دنیا کو بتائیں۔ اس پر ڈونلڈٹرمپ نے کہا کہ ”بہتر تو یہی ہے کہ ہم اس موضوع پر بات نہ کریں کیونکہ اس سے میں مشکل میں پھنس سکتا ہوں۔ میں ان کے لیے کوئی زیادہ چیزیں نہیں خریدتا۔ درحقیقت میں اتنا مصروف رہتا ہوں کہ میرے پاس تحائف کے لیے وقت ہی نہیں ہوتا۔ البتہ میں انہیں سالگرہ پر خوبصورت کارڈ اور پھول دیتا ہوں۔“ ایک اور موقع پر جب ڈونلڈٹرمپ بیرون ملک تعینات امریکی فوجیوں سے بات کر رہے تھے تو ایک فوجی نے پوچھ لیا کہ آپ نے گزشتہ سالگرہ پر میلانیا کو کیا تحفہ دیا تھا تو انہوں نے کہا کہ میں نے انہیں ایک خوبصورت کارڈ دیا تھا۔ صدر ٹرمپ کے اس ریکارڈ کو دیکھتے ہوئے ہم کہہ سکتے ہیں کہ آج بھی میلانیا ٹرمپ کو ان کے شوہر نامدار کی طرف سے خوبصورت کارڈ اور پھول تحفے میں پیش کیے جائیں گے۔


Top