ویران مساجد کے ساتھ استقبالِ رمضان تکلیف دہ ہے۔۔ !! خادم الحرمین شریفین کا رمضان المبارک کی آمد کے موقع پر درد بھرا پیغام، امت مسلمہ کو افسردہ کر دیا

ریاض (نیوز ڈیسک ) مسجدوں میں عبادات کے بغیر استقبال رمضان تکلیف دہ ہے۔ خادم حرمین شریفین۔ سعودی فرمانروا شاہ سلمان کی جانب سے رمضان المبارک کی آمد کے موقع پر سعودی عوام، تارکین وطن اور امت مسلمہ کے نام مبارک باد کا خصوصی پیغام۔ تفصیلات کے مطابق خادم حرمین شریفین نے مسلمانوں کی دو

سب سے مقدس مساجد میں عبادات کے بغیر استقبال رمضان کو دردناک قرار دیا ہے۔سعودی خبر رساں ادارے کے مطابق قائم مقام وزیر اطلاعات و نشریات ڈاکٹر ماجد القصبی نے ریڈیو اور ٹی وی پر شاہ سلمان کا خصوصی پیغام پڑھ کر سنایا۔ اپنے پیغام میں شاہ سلمان نے سعودی عوام سمیت تارکین وطن اور پوری امت مسلمہ کو آمد ماہ رمضان المبارک کی مبارکباد دی۔ ان کا کہنا تھا کہ دنیا بھر کے لوگ کورونا بحران کی وجہ سے مشکل میں ہیں۔خادم حرمین شریفین نے اس امر پر زور دیا کہ آزمائش کی گھڑی میں ہمیں ٹھوس جدوجہد جاری رکھنا ہو گی اور حفاظتی اقدامات کو یقینی بنانا ہوگا۔شاہ سلمان نے کورونا کی عالمی وباء کے تحت مساجد میں تراویح اور نماز با جماعت ادا نہ کرنے پر گہرے دکھ کا اظہار کیا- انہوں نے بتایا کہ انسانی جانوں کی حفاظت کے شرعی حکم کی تعمیل میں ایسا کیا جا رہا ہے- شاہ سلمان نے اپنے پیغام میں اللہ تعالی کا شکر ادا کرتے ہوئے رمضان کی نعمت عطا ہونے پر سعودی شہریوں اور تارکین وطن کو مبارکباد دی-سعودی فرمانروا نے کورونا کی وباء سے پیدا ہونے والی صورت حال پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ اس مرتبہ رمضان کا مہینہ ایسے حالات میں آ رہا ہے جبکہ دنیا بھر کے انسان تاریخ کے نہایت نازک دور سے گزر رہے ہیں- انہوں نے بتایا کہ نئے کورونا وائرس نے پوری دنیا کو اپنی لپیٹ میں لے رکھا ہے حالانکہ انسانیت نواز تنظیمیں اور دنیا بھر کے ممالک اس کو پھیلنے سے روکنے کے لیے خصوصی حفاظتی اقدامات کا اہتمام کررہے ہیں-