کورونا وائرس کے بعد بگڑتی ہوئی صورتحال۔۔!! سعودی عرب نے غیر ملکیوں کے لیے 120 ارب ریال کے پیکج کا اعلان کر دیا

ریاض ( نیوز ڈیسک) سعودی حکومت نے تارکین وطن اور نجی شعبہ کیلئے 120 ارب ریال کے پیکج کا اعلان کر دیا، کرونا وائرس کت باعث پیدا ہونے والی صورتحال کے بعد مملکت میں معیشت کو سہارا دینے کیلئے ہنگامی اقدامات کا آغاز کر دیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق سعودی حکومت نے کرونا وائرس کے اثرات سے معیشت کو محفوظ رکھنے کیلئے اربوں ریال کے پیکج کا اعلان کیا ہے۔

بتایا گیا ہے کہ کرونا وائرس کے باعث اس وقت سعودی عرب لاک ڈاون جیسی حالت میں ہے۔ اس موجودہ صورتحال میں تارکین وطن اور کاروباری افراد بری طرح متاثر ہو رہے ہیں۔

اس لیے سعودی حکومت نے غیر ملکیوں اور نجی شعبہ کیلئے 120 ارب ریال کے خصوصی پیکج کا اعلان کیا ہے۔

دوسری جانب خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے کہا ہے کہ سعودی مملکت مہلک کرونا وائرس سے نمٹنے کے لیے اپنے تمام وسائل بروئے کار لارہی ہے اور ہر شہری اور مکین کو ادویہ ، خوراک اور دوسری تمام اشیائے ضروریہ مہیا کی جائیں گی، سعودی عرب اور دنیا اس وقت ایک مشکل دور سے گزررہے ہیں اور ہم اللہ پر اعتقاد اور یقین کے ساتھ اس مشکل دور سے نکل آئیں گے۔

انھوں نے کہا کہ ہمیں اللہ پر بھروسا ہے اور ہم وہ اقدامات کررہے ہیں جو ہمیں کرنے چاہییں۔ہم انسانی جانوں کے تحفظ کے لیے تمام کاوشیں بروئے کار لارہے ہیں اور شہریوں اور مکینوں کو باوقار زندگی گزارنے کے لیے تمام ضروری اشیاء مہیا کررہے ہیں۔انھوں نے سعودی شہریوں اور مکینوں سے مخاطب ہوکر کہا کہ وہ اپنے عزم اور اعتقاد پر بھروسا رکھیں۔

اپنی اجتماعی ذمے داری کا ثبوت دیں۔ اللہ تعالیٰ ہماری حفاظت فرمائیں اور ہمیں اپنی بہتر نعمتوں سے نوازیں۔انھوں نے اپنی تقریرکے آغاز میں کہا کہ سعودی عرب نے اس وبا سے نمٹنے اور اس کے اثرات کو محدود رکھنے کے لیے حفاظتی تدابیر اور اقدامات اختیار کرنے کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے۔ ہمیں اللہ کی مدد اور پھر اپنی صلاحیتوں پر بھروسا ہے۔

آپ مشکل حالات سے نمٹنے کے لیے مضبوط عزم کے مالک ہیں۔انھوں نے شہریوں اور مکینوں سے مخاطب ہوکر کہا کہ آپ کا اس مشکل وقت میں متعلقہ اداروں اور ایجنسیوں کے ساتھ انسانی جانوں کے تحفظ کے لیے تعاون بڑی اہمیت کا حامل ہے اور اس وبا سے کامیابی سے نمٹنے کے عمل میں سب سے بڑا حصہ اور کردار ہے۔شاہ سلمان نے قوم کو اس بات کا یقین دلایا کہ حکومت ان کی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے تمام کوششوں کو یقینی بنائے گی۔

ہم اس مملکت کے تمام شہریوں اور مکینوں کے لیے خوراک ، ادویہ اور اشیائے ضروریہ کی دستیابی کو یقینی بنائیں گے۔اس وقت وزارت صحت کی قیادت میں حکومت کے تمام شعبے قوم کے شہریوں اور مکینوں کی صحت کو یقینی بنانے کے لیے تمام ضروری اقدامات کررہے ہیں۔انھوں نے کرونا وائرس کی مہلک وباسے نمٹنے کے لیے حکومت کے تمام اداروں اور بالخصوص محکمہ صحت کے پیشہ ور عملہ کی شاندار خدمات کو سراہا اور انھیں خراج تحسین پیش کیا۔