پلوامہ حملے کا فائدہ کسے پہنچا؟ راہول گاندھی نے مودی سرکار کا بڑا پول کھول دیا

نئی دہلی (ویب ڈیسک) بھارتی اپوزیشن جماعت کانگریس کے رہنما راہول گاندھی نے پلوامہ حملے کا ایک سال مکمل ہونے پر وزیراعظم مودی پر چوٹ کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس حملے سے سب سے زیادہ فائدہ کسے ہوا؟ انہوں نے حکومت کی ناکامیوں پر سوالات اٹھاتے ہوئے کہا سکیورٹی میں لاپروائی کا ذمہ دار کسے ٹھہرایا گیا؟

جواب دہ کون ہے ؟ تفتیش کے نتائج کیا ہیں؟بی جے پی ترجمان جی وی ایل نرسمہا راؤ نے راہول کے بیان کو مرنیوالوں کی توہین قرار دیتے ہوئے کہا وہ لشکر طیبہ اور جیش محمد کے ہمدرد ہیں اور انہیں شرم آنی چاہئے ،کیا وہ کبھی پاکستان سے سوال نہیں کرینگے ۔مودی نے اپنے بیان میں کہا کہ بھارت مرنیوالے فوجیوں کی قربانیوں کو کبھی نہیں بھولے گا۔دوسری جانب گزشتہ برس چودہ فروری کے دن بھارت کے زیر انتظام کشمیر کے ضلع پلوامہ میں ایک خود کش حملے میں بھارت کے چالیس فوجی ہلاک ہو گئے تھے، جس کے بعد دونوں ہمسایہ ممالک کے مابین کشیدگی اور تناؤ کا ایک نیا سلسلہ شروع ہو گیا تھا۔ پلوامہ حملے کے ایک برس مکمل ہونے کے موقع پر بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی، وزیر داخلہ امیت شاہ اور حکومت میں شامل دیگر بہت سے سرکردہ شخصیات نے اس خونریز کارروائی میں ہلاک ہونے والے فوجیوں کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔ دوسری طرف کانگریس پارٹی کے رہنما راہول گاندھی نے اس تناظر میں حکومت کی ناکامیوں پر سوالات اٹھاتے ہوئے کہا ہے کہ آخر سکیورٹی میں لاپرواہی کس کی جانب سے ہوئی تھی اور اس حملے کے لیے جواب دہ کون ہے؟ اس بارے میں تفتیش کے نتائج کیا ہیں؟ گزشتہ برس چودہ فروری کو جنوبی کشمیر کے ضلع پلوامہ میں خودکش حملہ آور نے سی آر پی ایف کے قافلے پر خود کش کار حملہ کیا تھا،

جس کے نتیجے میں سینٹرل ریزرو پولیس (سی آر پی ایف) کے چالیس جوان مارے گئے تھے۔ اس پرتشدد واقعہ کی پہلی برسی کے موقع پر راہول گاندھی نے اپنی ایک ٹویٹ میں لکھا، ” آج جبکہ ہم پلوامہ حملے میں شہید ہونے والے اپنے چالیس سی آر پی ایف جوانوں کو یاد کر رہے ہیں، تو ہمیں سوال پوچھنا چاہیے: اوّل، حملے سے سب سے زیادہ فائدہ کس کو پہنچا؟ دوئم، حملے کی تفتیش سے نتائج کیا نکلے ہیں؟ سوئم، آخر بی جے پی میں سکیورٹی میں لاپرواہی برتنے کے لیے کس کو ذمہ دار ٹھہرایا گيا، جس کے سبب یہ حملہ ہوسکا؟” ادھر حکمران جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی نے راہول گاندھی کے اس بیان کو ملک کے لیے شہید ہونے والوں کی توہین قرار دیا ہے۔ پارٹی کے ترجمان جی وی ایل نرسمہا راؤ نے حملے کے لیے حکومت سے سوال کرنے پر کہا، “جب ملک پلوامہ کے شہیدوں کو خراج تحسین پیش کر رہا ہے، لشکر طیبہ اور جیش محمد کے ہمدرد راہول گاندھی صرف حکومت کو ہی نہیں بلکہ سکیورٹی فورسز کو نشانہ بنا رہے ہیں۔ راہول کبھی اصل مجرم پاکستان سے سوال نہیں کریں گے۔ راہول آپ کو شرم آنا چاہیے۔” پارٹی کا کہنا ہے کہ اس طرح کے بیانات عالمی سطح پر بھارت کا مقابلہ کرنے میں پاکستان کے لیے مدد گار ثابت ہوتے ہیں۔