مسجد الحرام میں زائرین کے لیے شاندار سہولت فراہم کر دی گئی ،جانئیے

مکہ مکرمہ (ویب ڈیسک ) مسجد الحرام میں زائرین کے لیے ایک اور سہولت متعارف کرا دی گئی ہے۔ اب زائرین اپنا سامان چھوٹے امانت گھروں کی جگہ بڑے امانت گھروں میں رکھوا سکیں گے۔سبق ویب سائٹ کے مطابق مسجد الحرام کی انتظامیہ حرم کے صحنوں میں زائرین کے لیے جدید طرز کے ’سپیشل امانت گھر‘ بنوا رہی ہے۔ پہلے امانت گھروں میں صرف چھوٹی چیزیں ہی رکھوائی جا سکتی تھیں۔نئے امانت گھر میں بڑی اشیا رکھنے کی بھی گنجائش ہو گی۔یہ

امانت گھر عمرہ اور حج زائرین کے لیے بیرونی صحنوں میں (امانت گھر) قائم کیے گئے تھے جہاں زائرین پہلے صرف اپنا مختصر سا سامان جمع کرا دیتے تھے مگر اب نئے اور جدید طرز کے امانت گھروں میں بڑا سامان رکھنے کی بھی گنجائش ہو گی۔مسجد الحرام کی انتظامیہ کے مطابق پرانے امانت گھر مکہ میونسپلٹی کے تعاون سے ہٹوا دیے گئے ہیں۔جن میں سامان کے معائنے کی سہولت بھی مہیا ہو گی‘۔نیا امانت گھرزائرین کے داخلے کے مقام پر بنایا جا رہا ہے۔پہلی بار آنے والے زائرین کی رہنمائی کے لیے امانت گھر کے مقام کی نشاندہی کے لیے رہنمائی بورڈز بھی لگائے جائیں گے۔ واضح رہے کہ اگلے چند مہینوں میں سعودی عرب میں حج سیزن کا آغاز ہونے والا ہے۔ جس کو مد نظر رکھتے ہوئے مسجد الحرام میں لاکھوں زائرین کے لیے مزید نئی سہولیات فراہم کر دی گئی ہیں۔سعودی میڈیا کے مطابق حرم شریف میں آب زم زم کے کولرز کی تعداد میں اضافہ کر دیا گیا ہے۔ مسجد الحرام کی انتظامیہ کے مطابق حرم شریف کے صحنوں، دالانوں اور راہداریوں میں آبِ زمزم کے کولرز کی تعداد بڑھا کر 15 ہزار کر دی گئی۔ جن میں سادہ زمزم اور ٹھنڈے آبِ زمزم دونوں کی سہولت موجود ہے۔ یہ فیصلہ اس بار عمرہ زائرین کی معمول سے زیادہ تعداد کی آمد کے پیش نظر کیا گیا ہے۔ کیونکہ اس وقت بھی لاکھوں افراد سرمائی تعطیلات کے باعث سعودی عرب میں عمرہ ادا کرنے کی غرض سے پہنچے ہوئے ہیں۔ جبکہ حرم شریف کے صحنوں اور برآمدوں میں بچھائے گئے پُرانے قالین ہٹا کر ان کی جگہ 12500 نئے قالین بچھا دیئے گئے ہیں۔ قالینوں کی یہ تبدیلی ہر سال کی جاتی ہے۔