بھانجےکے ٹیکسٹ میسج نے ماموں کے اوسان خطا کر دئیے ،گھناونی حرکت پر اٹھارہ سال قید کی سزا ،جانئیے

استنبول(ویب ڈیسک ) گزشتہ سال تُرکی کے شہر اسکیسیھر میں ایک ایسا واقعہ پیش آیا تھا جس نے دُنیا بھر کے لوگوں کی توجہ اپنی حاصل کر لی تھی۔ یہ معاملہ ایک ڈلیوری بوائے کی جانب سے گاہک کے لیے تیار کیے گئے پیزا پر تھُوک پھینک کر اس واقعے کی شرمناک ویڈیو بنانے کا تھا۔ اتفاق سے یہ حرکت رہائشی بلڈنگ میں نصب سیکیورٹی کیمرے میں بھی محفوظ ہو گئی تھی۔

تاہم جب تک پیزا آرڈر کھانے والے شخص کو اطلاع دی جاتی، وہ آدھا پیزا کھا چکا تھا۔ اس واقعے پر پولیس کی جانب سے ایکشن لیتے ہوئے نوجوان کو گرفتار کر لیا گیا تھا۔ کئی ماہ مقدمہ چلائے جانے کے بعد اب اس نوجوان پر اپنے گاہکوں کی زندگی خطرے میں ڈالنے پر عدالت کی جانب سے4 ہزار لیرا کا بھاری جرمانہ عائد کر دیا گیا ہے۔مگر اس نوجوان کی جان ابھی چھُوٹنے والی نہیں۔کیونکہ استغاثہ کی جانب سے ڈلیوری بوائے کو 18 سال کی قید دلوائے جانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ تفصیلات کے مطابق ملزم بُراق اٹھارہ سال کا نوجوان ہے جو تْرکی کے شمال مغربی شہر اسکیسہر کا رہائشی ہے۔ ملزم پیزا بنانے والی ایک کمپنی کا ملازم ہے جسے تیار کردہ پیزا گاہکوں کو گھر میں پہنچانے ہوتے ہیں۔وقوعہ کے روز اُسے انتظامیہ نے ایک گاہک حْسین الیوز کو پیزا پہنچانے کو کہا، جس کا اپارٹمنٹ ایک رہائشی بلڈنگ کی پانچویں منزل پر واقع تھا۔ڈلیوری بوائے نے حُسین کو پیزا ڈلیور کیا۔ابھی اُس نے پیزا کا ڈبہ کھول کر اُس میں سے دو سلائسز کھا ئے تھے کہ اسی بلڈنگ میں مقیم اْس کے بھانجے کا ٹیکسٹ میسج آیا کہ وہ پیزا نہ کھائے۔ چٹخارے دار پیزا چباتے حُسین نے حیرانی کے عالم میں باقی کے پیزا پر ہاتھ صاف کرنے کا ارادہ تھوڑی دیر کے لیے مُلتوی کردیا اورفوری طور پر اپنے بھانجے کو کال کر کے وجہ دریافت کی تو بھانجے نے جو کچھ بتایا، اُسے سُن کر ماموں کے اوسان خطا ہو گئے۔بھانجے کے مطابق اُس نے ڈلیوری بوائے کو گراوٴنڈ فلور پر پیزے کا ڈبہ کھول کر اُس پر تھُوکتے ہوئے دیکھ لیا تھا۔ ملزم نے اپنی اس شرمناک حرکت کی سیلفی بھی لی تھی۔ حُسین کو یہ بات سُن کر اُبکائی سی آنے لگی۔اُس نے چند منٹوں بعد ہی عمارت میں نصب کلوز سرکٹ ٹی وی کیمروں کی فوٹیج چیک کی تو بھانجے کی بات کی تصدیق ہو گئی۔ویڈیو میں دیکھا جا سکتا تھا کہ ملزم شیطانی مسکراہٹ کے ساتھ پیزے کا باکس کھولتا ہے پھر اپنا موبائل ہاتھ میں پکڑ کر پیزا پر تھْوک پھینکتا ہے اوربڑی ڈھٹائی سے اس لمحے کی سیلفی اپنے موبائل میں محفوظ کر لیتاہے۔گاہک حُسین الیوز نے مشتعل ہو کر قریبی پولیس تھانے میں پیزا کمپنی اور ڈلیوری بوائے کے خلاف مقدمہ درج کروا دیاتھا ۔ مذکورہ نوجوان کو اُس کی ذلیل حرکت پر گرفتار کر لیا گیا۔ استغاثہ کی جانب سے جج صاحبان سے استدعا کی گئی ہے کہ اس گھناوٴنی حرکت پر ملزم کو اٹھارہ سال قید کی سزا سُنائی جائے۔