بریکنگ نیوز: سعودی عرب میں سیکورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان شدید جھڑپ۔۔۔ہلاکتوں کی اطلاعات موصول

ریاض(ویب ڈیسک) سعودی سیکیورٹی فورسز کی جانب سے ایک کارروائی کے نتیجے میں دو مطلوب دہشت گرد ہلاک ہو گئے، تاہم اس دوران ایک شہری بھی زخمی ہوا ہے۔دونوں دہشت گرد مکان کو مورچے کی صورت میں استعمال کر کے سیکیورٹی اہلکاروں پر فائرنگ کرتے رہے جس کے باعث سیکیورٹی فورسز نے بھی جوابی فائرنگ کر کے دونوں

دہشت گردوں کو مار ڈالا ۔سعودی ویب سائٹ سبق کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ سیکیورٹی فورسز کو مخبری ہوئی تھی کہ دہشت گردی کی کئی کارروائیوں میں ملوث دو افراد دمام کے ایک محلے العنود میں پناہ لیے بیٹھے ہیں۔ جس کے بعد سیکیورٹی فورسز نے آپریشن کی تیاریاں کیں۔ تاہم جب بتائے گئے مکان پر سیکیورٹی اہلکار پہنچے تو اندر چھُپے بیٹھے دہشت گردوں نے اندر سے فائر کھول دیا، جس کے جواب میں فورسز نے بھی فائرنگ کی۔اس دوران جائے وقوعہ سے گزرنے والا ایک شہری بھی دہشت گردوں کی فائرنگ کی زد میں آ کر شدید زخمی ہو گیا۔ سیکیورٹی فورسز کی فائرنگ کے نتیجے میں اندر چھُپے بیٹھے دونوں مطلوب دہشت گرد مارے گئے۔ جبکہ زخمی ہونے والے شہری کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ تاہم مرنے والے دونوں دہشت گردوں کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی۔ سیکیورٹی اہلکاروں نے بتایا کہ فائرنگ کی شروعات مطلوب افراد کی جانب سے کی گئی تھی۔اس واقعے کے حولے سے سوشل میڈیا پر ایک وڈیو کلپ بھی وائرل ہوا ہے جس میں اس سیکیورٹی آپریشن کے دوران فائرنگ کے تبادلے کی آوازیں بھی سُنائی دے رہی ہیں۔ جب کہ ایک اور ویڈیو کلپ میں دیکھا جا سکتا ہے کہ سیکیورٹی اہلکاروں کی بڑی تعداد دہشت گردوں سے نمٹنے اور ان کے فرار کی کوشش کو ناکام بنانے کے لیے آس پاس کی گلیوں میں بھی تعینات کی گئی ہے۔ فی الحال اس سیکیورٹی آپریشن کے حوالے سے سعودی وزارت داخلہ کی جانب سے کوئی بیان نہیں دیا گیا۔