پی ٹی وی ، پارلیمنٹ حملہ کیس : عمران خان تو بری مگر شاہ محمود قریشی اور علیم خان کی شامت آگئی

اسلام آباد(ویب ڈیسک) اینٹی ٹیررازم کورٹ نے پی ٹی وی پارلیمنٹ پر دھاوا بولنے کے کیس میں وزیراعظم عمران خان کو بری کر دیا۔ عدالت نے وزیراعظم کی مقدمہ سے بریت کی درخواست پر دلائل سننے کے بعد تین روز قبل فیصلہ محفوظ کیا تھا۔ عدالت کے جج راجا جواد عباس حسن نے کیس کا فیصلہ سناتے ہوئے

عمران خان کو بری اور دیگر ملزمان پر فرد جرم عائد کرنے کا فیصلہ کیا۔عدالت نے اپنے فیصلے میں کہا کہ صدر مملکت کو استثنیٰ حاصل ہے اس لیے ان کی حد تک تو کیس نہیں چلایا جائے گا لیکن مقدمے میں نامزد دیگر ملزمان پر 12 نومبر کو فرد جرم عائد کی جائے گا۔عدالت نے مقدمے میں نامزد ملزمان جن میں وفاقی وزراء شاہ محمود قریشی، پرویز خٹک، شفقت محمود، اسد عمر، اور علیم خان سمیت دیگر شامل ہیں کو آئندہ سماعت پر طلب کر لیا ہے۔وزیراعظم عمران خان کے وکیل نے بریت کی درخواست پر تحریری دلائل جمع کراتے ہوئے مؤقف اختیار کیا تھا کہ عمران خان کو جھوٹے اور بے بنیاد مقدمے میں پھنسایا گیا، ان کے خلاف کوئی ثبوت نہیں، نہ ہی کسی گواہ نے ان کے خلاف بیان دیا۔انہوں نے کہاکہ چونکہ یہ ایک سیاسی مقدمہ ہے جس میں سزا کا کوئی امکان نہیں اس لیے وزیراعظم عمران خان کو بری کیا جائے۔پراسیکیوٹر نے عمران خان کے وزیراعظم بننے سے قبل درخواست کی مخالفت کی تھی،وزیراعظم بننے کے بعد حمایت کر دی اور کہا کہ اگر عمران خان کو بری کر دیا جائے تو انہیں کوئی اعتراض نہیں کیونکہ یہ سیاسی طور پر بنایا گیا مقدمہ ہے جس سے کچھ نہیں نکلنا اور صرف عدالت کا وقت ضائع ہو گا۔ خیال رہے کہ عمران خان اس مقدمہ میں اشتہاری رہ چکے ہیں اور اس وقت ضمانت پر ہیں۔صدر مملکت عارف علوی، وفاقی وزراء شاہ محمود قریشی، پرویز خٹک، اسد عمر، شفقت محمود، صوبائی وزیر علیم خان اور جہانگیر ترین بھی پی ٹی وی پارلیمنٹ کیس میں ملزم نامزد ہیں۔